لاہور: تحریک لبیک کل چارمختلف مقامات پر پاور شو کا مظاہرہ کریگی

جمعہ 2 فروری 2024 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2024ء) تحریک لبیک پاکستان کل مورخہ 3 فروری بروز ہفتہ لاہور کے چار مختلف مقامات پر پائور شو کا مظاہرہ کرے گی۔ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق جنرل الیکشن مہم کے سلسلہ میں کل لاہور شہر کے چار مقامات پرتحریک لبیک پاکستان انتخابی جلسے کرے گی۔جلسوںمیں خصوصی خطاب سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کرینگے ، انہوں نے کہا کہ پہلا جلسہ صبح 11 بجی این اے 117,118 داتا نگر بادامی باغ چوک میں جبکہ دوسرا جلسہ دوپہر 1 بجے این اے 119,120,121 بمقام جلوموڑ، تیسرا جلسہ این اے 122,123,124,127 میں بمقام شام چار بجے منعقد ہوگا، ترجمان ٹی ایل پی کا مزید کہنا تھا کہ چوتھا بڑا سیاسی پائور شو این اے 125,126,128,129 مشترکہ پوائنٹ مانگا منڈی چوک میں بعد از نماز مغرب 6 بجے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ سالہا سال سے عوام کو دھوکہ دینے والے انتخابات میں بھی دھوکہ دے رہے ہیں ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے،قوم کو آٹے چینی کی لائنوں میں ذلیل کرنے والے آج قوم کے مسیحا بنے پھرتے ہیں۔ مدرسہ ابو زر غفاری گرینڈ بیٹری سٹاپ پر جلسہ دستار فضلیت سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا مزید کہنا تھا کہ و الدین کا احترام ہی انسان کو ظالم کے سامنے ڈٹنے کی ہمت دیتا ہے،نوجوان طلباء خود کو نظریاتی طور پر مضبوط رکھتے ہوئے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں ،حافظ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنا حق لوٹنے والوں کو خوب پہچانتے ہیں، یہ سب مسترد ہیں۔

تنقید کرنے والوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت تباہ حال سڑکیں ہیں ، میںجھوٹے وعدے نہیں کرتا، نہ ہم ظالم ہیں، نہ ظالم کے ساتھی ہیں، قوم ایک موقع دے،عوام کی محبت کا حق ادا کروں گا۔