مردان ،انتخابی ضابطہ اخلاق ،الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزیوں کے مرتکب انتخابی امیدواروں کے خلاف کاروائیاں جاری

ہفتہ 3 فروری 2024 00:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ایڈیشنل کمشنر مردان نعیم اختر کی سرکردگی میں ضلع مردان میں انتخابی ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزیوں کے مرتکب انتخابی امیدواروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ مانیٹرنگ آفیسر آفس کی جانب سے مہیا کردہ اعداد و شمارے کے مطابق اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے 19 امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر ان کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 12 امیدواروں کو وارننگ جاری کیے گئے۔

اسی چھ امیدواروں پر مجموعی طور پر ایک لاکھ دس ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے۔ پی کے 58سے پی ٹی آئی پارلمینٹیرین کے امیدوار ذوالفقار خان پر 25 ہزار روپے، پی کے 60 سے جماعت اسلامی کے امیدوار نعمان یوسف پر 5 ہزار روپے، پی کے 61 سے مسلم لیگ ن کے جمشید خان پر دس ہزار روپے، پی کے 54 سے عوامی نیشنل پارٹی کے گوہر علی شاہ پر دس ہزار روپے، پی کے 57 سے اے این پی کے احمد خان بہادر پر دس ہزار روپے جبکہ این اے 23 سے جماعت اسلامی کے امیدوار عاقب اسماعیل پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ایڈیشنل کمشنر مردان ڈویژن نعیم اختر نے انتخابی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کے لیے الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق سمیت دیگر قوانین کی پابندی کریں بصورت دیگر ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔