آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

ہفتہ 3 فروری 2024 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2024ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی وجنوبی بلوچستان، سندھ ، پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی وجنوبی بلوچستان میں چند مقامات پرموسلادھار بارش/ برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، جنوبی/ وسطی پنجاب اور بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوئی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش تربت میں 68، خضدار28، لسبیلہ، پنجگور 25، قلات 6، کوئٹہ(سمنگلی)، سبی 8، اورماڑہ 2، بارکھان ایک، پاراچنار 26، بنوں 10، مالم جبہ 4، سیدوشریف 3، کالام، پٹن، دیر(بالائی) 2، میرکھانی ایک، جیکب آباد 11، لاڑکانہ، دادو 9، پڈعیدن 5، سکھر، سکرنڈ 4، روہڑی 3، خیرپور، موہنجوداڑو 2، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد ایک، رحیم یارخان 5، خانپور 4 ، ملتان (سٹی، ایئرپورٹ)، منڈی بہاؤالدین 2، گجرات، ڈی جی خان، بہاولنگر، بہاولپور(ایئرپورٹ) ایک اور بالاکوٹ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زیارت میں 4 ، کالام، پاراچنار2 اورمری میں ایک انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق کالام، لہہ منفی 10، استور منفی 7، گو پس، مالم جبہ منفی 6، اسکردو منفی5 اور بگروٹ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ اور خضدار کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔