ایبٹ آباد سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان

اتوار 4 فروری 2024 19:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) عام انتخابات میں ایبٹ آباد سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر ہر حلقے سے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 16 ایبٹ آباد 1 سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نامزد امیدوار سابق ایم این اے مرتضی جاوید عباسی، آزاد امیدوار سابق گورنر و سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی اصغر خان مدمقابل ہیں، سردار مہتاب احمد خان اور مرتضی جاوید عباسی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، حلقہ این اے 17 ایبٹ آباد 2 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک محبت اعوان، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سابق ایم این اے علی خان جدون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید سلیم ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں تاہم علی خان جدون اور ملک محبت اعوان کے درمیان مقابلہ متوقع ہے،اسی طرح حلقہ پی کے 42 ایبٹ آباد 1 سے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سردار فرید عباسی اور آزاد امیدوار سابق ایم پی اے نذیر عباسی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، حلقہ پی کے 43 ایبٹ آباد 2 سے آزاد امیدوار سابق سینیٹر بیرسٹر جاوید عباسی، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رجب علی عباسی، پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار خالد رحمان اور جماعت اسلامی کے امیدوار عبدالرزاق عباسی مدمقابل ہوں گے تاہم بیرسٹر جاوید عباسی اور رجب علی عباسی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے، حلقہ پی کے 44 ایبٹ آباد 3 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سابق ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار افتخار خان جدون کے درمیان مقابلہ متوقع ہے جبکہ حلقہ پی کے 45 ایبٹ آباد 4 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار محمد ارشد اعوان، مشتاق احمد غنی سپیکر صوبائی اسمبلی، امیدوار جماعت اسلامی امجد خان جدون، آزاد امیدوار وسیم خان جدون اور پی پی پی کے امیدوار سید سلیم شاہ مدمقابل ہوں گے تاہم مشتاق احمد غنی اور ارشد اعوان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔