کراچی ، ایم کیو اور اے این پی کا الیکشن میں ساتھ مل کر چلنے اور حمایت کا اعلان

مصطفی کمال نے مردان ہاﺅس جا کر اے این پی کی حمایت کا اعلان کیا جواب میں عوامی نیشنل پارٹی نے بھی ایم کیو ایم کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کروا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 فروری 2024 11:31

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2024 ء) عام انتخابات کے قریب آتے ہی جوڑ توڑ کی سیاست عروج پر پہنچ گئی ہے اور نئے نئے سیاسی اتحاد بنتے جا رہے ہیں ۔اس حوالے سے کراچی کی سیاست میں بھی اہم تبدیلی دیکھنے میں آ ئی ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ اورعوامی نیشنل پارٹی نے آنے والے الیکشن میں ایک دوسرے کی حمایت کرنے اور ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے مردان ہاﺅس جاکر پی ایس 88 پر اے این پی کی حمایت کا اعلان کیا۔جس کے جواب میں اے این پی نے بھی کراچی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں این اے 240 اور 241 اورپی ایس 108، 109 اور 110 پرمتحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کروانے کا اعلان کردیا۔
اے این پی کے مرکز مردان ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات الیکشن کے موقع پر ضرور ہوئی ہے مگر یہ معاملہ محض سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا نہیںبلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھائی چارے کی بنیاد رکھی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ بڑے پرانے تعلقات ہیں او ر ہم چاہتے ہیں کہ ہم کراچی کی سیاست میں مل جل کر ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر کام کریں۔
اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید کاکہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا ہمارے وجود کو تسلیم کرنا اے این پی کیلئے کافی تھا اگر یہ الیکشن میں ہماری حمایت نہ بھی کرتے تو بھی ایم کیو ایم کا اقدام ہمارے لئے کافی بڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں بھائی چارے کی سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ہمارا مقصد کراچی کے عوام کی خدمت کرنا ہے ۔ ۔کراچی کے مسائل کا حل ہم مل جل کر نکال سکتے ہیں ۔ہم سندھ میں سب کو ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں ۔ہم ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ کراچی سب کا ہے۔