وزیراعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مظفرآباد کا دورہ

پیر 5 فروری 2024 23:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے سریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق اور آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

قیادت نے تسلیم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بے دریغ بربریت کے سامنے کشمیریوں کا حوصلہ، ثابت قدمی اور غیر متزلزل اعتماد مثالی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانی اور سلامتی کے بحران علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی انتظامی اور یکطرفہ طور پر نافذ کردہ کالے قوانین اور سکیورٹی پابندیوں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کی اپنے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش اور تڑپ کو دبا نہیں سکتیں۔ آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور بھارت کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں پر موثر جوابی کارروائی کی ستائش کی گئی۔

آرمی چیف نے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی خودمختاری کے خلاف کسی بھی کارروائی یا جارحیت کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج خطرے سے بخوبی واقف ہے اور موثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے پاکستان میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بھی ذکر کیا جو اب ہماری سرزمین پر انفرادی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے تک پھیل چکی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ بے حسی بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی نظام کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو معمول بنتی جا رہی ہے اور اب دنیا کے بہت سے ممالک بھارت پر کھلے عام دبائو ڈال رہے ہیں اور اس کی جعلی ساکھ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ پاکستان اس طرح کی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔