کراچی کیلئے نواز شریف نے میگا پروجیکٹ دیئے،اسلم خٹک ایڈووکیٹ

قائد میاں نواز شریف کے متوالے مخالفین کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، شاہدہ انوار، مہناز اختر

پیر 5 فروری 2024 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) مسلم لیگ ن ضلع وسطی کے تحت خواتین ونگ و مرد حضرات بالترتیب پولنگ ایجنٹ ٹریننگ پروگرام زیر صدارت ضلعی صدر اسلم خٹک ایڈووکیٹ منعقدکیا گیا، میزبانی کے فرائض نامزد امیدوار این اے 250 فرقان علی نے ادا کئے۔ اسلم خٹک ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کیلئے قائد میاں نواز شریف نے میگا پروجیکٹ دیئے، خواتین کے کلیدی کردار کے بغیر انتخابی عمل بھی نا مکمل ہے۔

گرین لائن بس سروس، کراچی سے حیدرآباد موٹر وے، پانی کا کے فور منصوبہ اور سرکلر ریلوے کی بحالی و دیگر شامل ہیں، کراچی کو پر امن بنانے میں ن لیگ نے نمایاں کام کیا، شہر کی تعمیر اور ترقی کیلئے عوام شیر کے نشان پر مہر لگائیں، پنجاب فتح کرنا بچوں کا کام نہیں ہے، کراچی میں قائد میاں نواز شریف کے متوالے مخالفین کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

شہر کو اسٹریٹ کرائم،بھتہ خوری اور منشیات سے پاک کریں گے۔ شہریوں کو سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کریں گے۔خواتین و مرد کے پولنگ ایجنٹ ٹریننگ پروگرام میں مہوش رحمان، کراچی کی صدرمہناز اختر، شہناز عاشق، حکیمہ، جمیلہ، سلمی، شاہدہ خان، شمیم تنولی علاقائی عہدیداران اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولنگ ایجنٹ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر سندھ شاہدہ انوار نے کہا کہ مسلم لیگ ن خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، قائد میاں محمد نواز شریف کا منشور ہر گھر تک پہنچانے میں خواتین ورکرز کا اہم کردار ہے، مسلم لیگ ن کو کامیاب کرانے کیلئے خواتین فعال ہیں، کارکنان کے جذبے بلند ہیں۔