ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی عام انتخابات کے لئے پولنگ پرسوں (بروز جمعرات) ہوگی،

منگل 6 فروری 2024 20:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2024ء) ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی عام انتخابات کے لئے پولنگ پرسوں (بروز جمعرات) ہوگی جس کے لئے سکیورٹی و پولنگ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے مری سمیت ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 7 اور صوبائی اسمبلی کی 14 نشستوں کے لئے ضلع بھر میں 17 لاکھ 44 ہزار 336 خواتین سمیت مجموعی طور پر36 لاکھ 2 ہزار 198رجسٹرڈ مرد وخواتین ووٹراپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ضلع بھر میں پر امن انتخابات کے لئے سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں جس کے تحت راولپنڈی پولیس 9500 افسران و اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے پولنگ اور سکیورٹی معاملات کی مانیٹرنگ کے لئے لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، رینجرز اور ریسکیو1122کے فوکل پرسن 24گھنٹے موجود ہوں گے پولنگ کے لئے ضلع بھر میں 2671 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 989 پولنگ سٹیشن مردوں اور 964 پولنگ سٹیشن خواتین کے لئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 718 پولنگ سٹیشن مردو خواتین کے مشترکہ بنائے گئے ہیں اسی طرح ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6936 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 3463 مردوں اور 3473 خواتین کے لئے مختص کئے گئے ہیں پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے ضلع بھر میں 2671 پریذائیڈنگ افسران، 13872 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 6936 پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں اور ہر پولنگ سٹیشن پر 1 نائب قاصد بھی فراہم کیا جائے گاقومی اسمبلی کی 7 نشستوں میں حلقوں کی سطح پر جاری ووٹروں کی الگ الگ تعداد کے مطابق ضلع مری کے علاوہ تحصیل کہوٹہ اور تحصیل کلر سیداں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51 (راولپنڈی /مری) میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 81 ہزار 236 ووٹروں میں 3 لاکھ 51 ہزار 287 مرد اور 3 لاکھ 29 ہزار 949 خواتین ووٹرز شامل ہیں تحصیل کہوٹہ، میونسپل کمیٹی کہوٹہ، تحصیل گوجرخان اور میونسپل کمیٹی گوجرخان پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ای52 (راولپنڈیi) میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 6 لاکھ 66 ہزار 216 ہے جن میں 3 لاکھ 41 ہزار 743 مرد اور 3 لاکھ 24 ہزار 473 خواتین ووٹرز شامل ہیں تحصیل راولپنڈی کے قانون گو حلقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ای53 (راولپنڈیii) میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 1 ہزار 376 رجسٹرڈ ووٹوں میں 2 لاکھ 7 ہزار 590 مرد جبکہ 1 لاکھ 93 ہزار 786 خواتین ووٹرز شامل ہیں اسی طرح تحصیل ٹیکسلا پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 (راولپنڈیiii) میں 4 لاکھ 66 ہزار 344 رجسٹرڈ ووٹوں میں سے 2 لاکھ 41 ہزار 350 مرد اور 2 لاکھ 24 ہزار 994 خواتین ووٹرز شامل ہیں راولپنڈی کینٹ پر مشتمل حلقہ این اے 55 (راولپنڈی iv) میں مجموعی ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار 832 ہے جن میں 2 لاکھ 21 ہزار 49 مرد اور 2 لاکھ 10 ہزار 783 خواتین ووٹرز شامل ہیں راولپنڈی شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ای56 (راولپنڈیv) میں کل رجسٹرڈ 5 لاکھ 23 ہزار 683 ووٹوں میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 459 مرد اور 2 لاکھ 51 ہزار 274 خواتین شامل ہیں جبکہ راولپنڈی شہرمیں میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈپر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ای57 (راولپنڈیvi) میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار 511 ہے جس میں 2 لاکھ 22 ہزار 434 مرد اور 2 لاکھ 9 ہزار 77 خواتین شامل ہیں اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شاہین غزل نے ''آن لائن '' کو بتایا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں ہماری کوشش ہے کہ شفاف اور پر امن انتخابات کے حوالے سے راولپنڈی کو پاکستان کا نمبر 1 ضلع بنایا جائے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے یہ تبھی ممکن ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور انتخابی امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کو مدنظر رکھیں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پولنگ کے عمل سے نتائج کے اعلان تک امن و امان کے قیام اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن، انتخابی عملے اور سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں دریں اثنا سی پی اوراولپنڈی سید خالد ہمدانی کے مطابق الیکشن کے لئے راولپنڈی پولیس کے 9500 سے زائد افسران و اہلکارسیکورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے اس مقصد کے لئی580 اے، 980 بی اور 1221 سی کیٹیگری کے پولنگ سٹیشنوں پر سیکورٹی تعینات ہو گی، شہر بھر کو سیکورٹی گشت کے حوالے سے 280 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے،مری روڈ، مال روڈ، اہم مقامات اور تنصیبات کے قریب ایلیٹ کمانڈوز گشت کریں گے پاک فوج اور رینجرز کوئیک رسپانس فورس بھی اہم مقامات پر پٹرولنگ کے فرائض انجام دیں گے پولیس کوئیک رسپانس کے دستے شہر بھر میں گشت کریں گے اور ضرورت پڑنے پر فوری رسپانس کریں گے، پولنگ میٹریل کی بحفاظت ترسیل کے لئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے لگائے جا رہے ہیں، تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مسلسل سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے مربوط و فول پروف سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی انہوں نے کہا کہ الیکشن کا پر امن انعقاد اولین ترجیح ہے، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا کسی بھی قانون شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گاامن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گاالیکشن کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔