بلوچستان،پشین میں انتخابی دفتر پر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، 15 زخمی

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب کرلی

بدھ 7 فروری 2024 13:53

پشین/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) بلوچستان کے ضلع پشین میں آزاد امیدوار کیانتخابی دفتر پر خودکش دھما کے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق خانوزئی میں پی بی 47 میں دھماکا انتخابی امیدوار اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا۔ہسپتال حکام کے مطابق دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں تحصیل اسپتال خانوزئی منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خودکش حملہ این اے 265 کے آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر پر ہوا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔پولیس، ایف سی، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود رہے اور پشین و ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیشن نے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں۔بتایا گیاکہ چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان کو ان واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔