نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں ووٹوں کی پولنگ جاری ، پرویز خٹک اور میاں افتخار نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

جمعرات 8 فروری 2024 13:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2024ء) نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں ووٹوں کی پولنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔این اے 34 نوشہرہ ٹو میں گورنمنٹ پرائمری سکول ڈھیری اسحاق، محب بانڈہ، امان کوٹ اور اضااخیل پایاں کے پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔کے پی کے سابق وزیر اطلاعات اور اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین جو کہ پی کے 89 نوشہرہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں نے اپنے آبائی شہر پبی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اسی طرح پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے این اے 33 نوشہرہ 1 کے پولنگ اسٹیشن مانکی شریف میں اپنا ووٹ ڈالا۔پرویز خٹک این اے 33 نوشہرہ I پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔امیدواروں نے نوجوان ووٹروں کی تعلیم کے لیے پولنگ سٹیشنوں کے باہر پرائیویٹ پولنگ کیمپ لگا رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

پولنگ سٹیشن پبی جدید نوشہرہ کے ایک نوجوان ووٹر احتشام قیصر نے اے پی پی کو بتایا آج عام انتخابات میں اپنا پہلا ووٹ ڈالنے کا میرا خواب پورا ہو گیا ہے میرے بھائی اور والد نے بھی اپنا ووٹ ڈالا ہے۔

ضلع مردان میں کاٹلنگ، بغدادہ، تخت بھائی، مایار اور ہوتی سمیت تمام پولنگ سٹیشنوں پر بھی ووٹوں کی پولنگ میں تیزی آئی ہے جہاں مردان کے تمام قصبوں اور دیہاتوں میں ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں ان پولنگ سٹیشنوں پر خواتین ووٹرز بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ واپڈا ٹاؤن نوشہرہ کے پولنگ سٹیشنز پر خواتین ووٹرز کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پڑانگ، تنگی، ولی باغ، نستہ، رجڑ اور دیگر تمام پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز کا رش دیکھنے میں آ رہا ہےووٹرز میں بزرگ شہری، مرد حضرات ،خواتین، نوجوان لڑکیاں، معذور افراد سبھی شامل ہیں۔سابق سفیر منظور الحق جنہوں نے آبائی پولنگ سٹیشن محب بانڈہ نوشہرہ میں اپنا ووٹ ڈالا ۔اس موقع پر انہوں نےکہا کہ ووٹ کاسٹ کرنا قومی ذمہ داری ہے۔