ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سینئر ڈپٹی کنوینرز، ڈپٹی کنوینرز و دیگر اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس بریفنگ

جمعہ 9 فروری 2024 03:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل ، سید مصطفیٰ کمال، ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی، فیصل سبزواری سمیت دیگر اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ہمراہ مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس میں پریس بریفنگ دی۔ گذشتہ نصف شب کو ذرائع ابلاغ نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کا اپنے لوگوں کو منتخب کرنے اور 2018ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتخابی نتائج کا فیصلہ کراچی کے مظلوموں کے حق میں ہوگا۔ کیماڑی، سہراب گوٹھ سمیت مکمل کراچی نے مل کر جو آج فیصلہ دیا ہے وہ پاکستان بھر کے غریب و متوسط عوام کیلئے ایک نئی امید لیکر ابھرے گا اور ایم کیو ایم پاکستان کراچی کی واضح اکثریت والی جماعت بن کر دوبارہ اپنے لوگوں میں واپس آچکی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص کے لوگوں کے نہایت مشکور ہیں۔ یہ اللّٰہ کے حضور سجدہ ریز ہونے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغ جناح کے کامیاب جلسے نے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کی کامیابی کی نوید سنا دی تھی۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی تمام عوام کوبا اختیار کرنے جارہی ہے۔