جے یوآئی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سندھ بلوچستان کو ملانے والے بائی پاس پر دھرنادیاگیا

پورے ملک سمیت جیکب آباد میں الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کرکے ہمارے امیدواروں کو ہرایا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے،مظاہرین

اتوار 11 فروری 2024 19:55

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) جے یوآئی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سندھ بلوچستان کو ملانے والے بائی پاس پر دھرنادیاگیا، 11گھنٹوں تک دھرنے کے باعث ٹریفک جام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سندھ بلوچستان کو ملانے والے بارڈر بائی پاس جیکب آباد پر جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، این اے 190 کے امیدوار محمد میاں سومرو کی ہمشیرہ میڈم ملحیہ سومرو، ایس یو پی کے ڈویژنل صدر جمال جوش برڑو، مولانا عبد الجبار رند، مولانا سلیم اللہ بروہی، اسد اللہ حیدری، جے ٹی آئی کے صوبائی رہنما محکم الدین بروہی، مولانا نصر اللہ گھنیو، حافظ عبد الوحید بروہی، محمد انور سومرو اور دیگر کی قیادت میں 11 گھنٹے دھرنا دیا گیاجس کے باعث سندھ اور بلوچستان کی جانب آنے جانے والی سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پورے ملک سمیت جیکب آباد میں الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کرکے ہمارے امیدواروں کو ہرایا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، ہم ایسی دھاندلی زدہ الیکشن کو نہیں مانتے۔انہوں نے کہا کہ اگر نگران حکومت کو ایسی سلیکشن کرانی تھی تو پھر الیکشن کیوں کرائی گئی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج تبدیل کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوںنے اعلان کیا کہ 12 فروری کو ایک بجے شہید اللہ بخش پارک جیکب آباد سے احتجاجی جلوس نکال کر الیکشن کمیشن جیکب آباد کی آفیس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔