ندرون سندھ پیپلز پارٹی اور کراچی حیدرآباد کی نشستیں ایم کیو ایم کی جھولی میں ڈالی گئی ہیں ،ڈاکٹر قادر مگسی

پیر 12 فروری 2024 20:14

ٹنڈومحمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2024ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین اور بلڑی شاہ کر یم کے حلقہ پی ایس 67 سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار ڈاکٹر قادر مگسی نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی۔اور اندرون سندھ پیپلز پارٹی اور کراچی حیدرآباد کی نشستیں ایم کیو ایم کی جھولی میں ڈالی گئی جوکہ عوام کے ووٹ کی توہین ہے ۔

(جاری ہے)

عوام نے پندرہ سالوں تک سندھ میں کرپشن کرنے والوں کو مسترد کیا لیکن اس کرپٹ ٹولے کو دوبارہ سندھ پر مسلط کردیا گیا ہے ۔ آئندہ پانچ سالوں تک سندھ میں دوبارہ کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی ایس 67 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بدترین دھاندلی کی گئی ۔ اب یہ حلقہ ہمارا مستقل حلقہ ہوگا اور اب ہم بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل سے اپنا امیدوار کھڑا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی سندھ میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ اس موقع ۔ایس ،ٹی، پی، کے مرکزی رہنما حمید میمن ۔ ڈاکٹر احمد نوناری ۔ضلعی صدر اقبال حاجانو ۔ ڈاکٹر جی ایم گل۔ و دیگر بھی موجود تھے ۔