پرویزخٹک نے الیکشن میں شکست پر پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا

انتخابات میں عوام کے فیصلے کو دل سے تسلیم کرتا ہوں، انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی دراصل یہ عوام کا ردعمل تھا،جلد پارٹی کا اجلاس بلا کرنئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔ سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز پرویزخٹک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 فروری 2024 18:41

پرویزخٹک نے الیکشن میں شکست پر پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 فروری 2024ء) الیکشن میں شکست پر سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز پرویزخٹک نے پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کے فیصلے کو دل سے تسلیم کرتا ہوں، بیٹوں سمیت سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔ میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز پرویزخٹک نے عام انتخابات 2024 میں بدترین شکست کو تسلیم کرتے ہوئے پارٹی کی صدارت چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوام کے فیصلے کو دل سے تسلیم کرتا ہوں، بیٹوں سمیت سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

فیصلہ کیا ہے کہ بطور پارٹی چیئرمین شپ سے استعفا دے کر نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔ آئندہ چند دنوں میں اپنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کا فیصلہ کروں گا، جلد ہی نئے چیئرمین کے انتخاب کیلئے اجلاس بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میری عمر کا بھی تقاضا ہے کہ میں مزید سیاست میں نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی دراصل یہ عوام کا ردعمل تھا۔

دوسری جانب پرویز خٹک کا دنیا نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہنا ہے کہ میرے سیاست چھوڑنے کی خبر جھوٹی ہے، کچھ دیر کیلئے آرام کرنا چاہ رہا ہوں، ابھی میں آرام کررہا ہوں اس کے بعد میری جدوجہد جاری رہے گی۔میں نے سیاست نہیں چھوڑی اور نہ ہی پارٹی کو چھوڑا ہے، فی الحال بریک لے رہا ہوں۔میرے بارے میں غلط خبریں چلائی جارہی ہیں کہ میں نے سیاست چھوڑ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ یاد رہے اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سربراہ آئی پی پی جہانگیرترین بھی سیاست کو خیرباد کہنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ یاد رہے چئیرمین استحکام پارٹی مستعفی جہانگیر ترین نے آئی پی پی کی چیئرمین شپ اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

میں پاکستانی عوام کی رائے کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔ اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔

جہانگیر ترین نے ملک وقوم کی ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ 
خیال رہے کہ ستحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی اپنی دونوں سیٹیں ہار گئے۔ این اے 155لودھراں 2 کے تمام 369 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدیق خان بلوچ 117671ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین 71128 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

آئی پی پی کے سربراہ جہانگیر ترین حلقہ این اے 149 سے بھی ہار گئے۔ این اے 149 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر 143613ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین 50166 ووٹ ہی لے سکے۔ پیپلز پارٹی کے رضوان ہانس 14625ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔