این اے 130 لاہور سے نواز شریف نے ریکارڈ 179,310 ووٹ حاصل کیے، ای سی پی کے اعدادوشمار جاری

منگل 13 فروری 2024 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) این اے 130 لاہور سے قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف 179,310 ووٹ حاصل کر کے ملک بھر میں عام انتخابات میں ریکارڈ ووٹ حاصل کر نے والوں میں شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے اعلان کردہ سرکاری نتائج کے مطابق میانوالی میں بانی پی ٹی آئی کے آبائی حلقے این اے 89 سے آزاد امیدوار جمال احسن خان نے ملک بھر میں عام انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، جمال احسن نے اس حلقے سے ریکارڈ 217,427 ووٹ لیے ہیں۔

قومی اسمبلی کے دیگر حلقوں میں جہاں امیدواروں نے ریکارڈ ووٹ حاصل کیے، ان میں NA-67، حافظ آباد شامل ہے جس میں آزاد امیدوار عنیقہ مہدی بھٹی نے اپنے مخالف امیدوار کے مقابلے میں 211,039 ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

اسی طرح این اے 110 جھنگ سے آزاد امیدوار امیر سلطان نے 199590 ووٹ حاصل کیے، این اے 18 ہری پور میں ایک اور آزاد امیدوار عمر ایوب خان نے 192,948 ووٹ حاصل کیے، این اے 90 میانوالی سے عمیر نیازی نے 179,820 ووٹ حاصل کیے، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نواب یوسف تالپور نے NA-213 عمرکوٹ سندھ سے 175,162 ووٹ حاصل کیے، NA-128 لاہور سے عون ثقلین نے 172,576 ووٹ حاصل کیے، این اے 130 لاہور سے قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے 179,310 ووٹ حاصل کیے۔

ای سی پی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے قومی اسمبلی کے 150 امیدواروں نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔