محمد حفیظ کا بطورڈائریکٹر کرکٹ پی سی بی میں کردار ختم،بورڈحکام نے پیغام پہنچا دیا

جمعرات 15 فروری 2024 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2024ء) بطور ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ کا پاکستان کرکٹ بورڈ میں کردار ختم ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان کو بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے توسط سے یہ پیغام واضح طور پر دے دیا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں ان کی خدمات درکار نہیں ہوں گی۔دسمبر 2023 میں دورہ آسٹریلیا پر 43 سال کے محمد حفیظ بطور ڈائریکٹر کرکٹ روانہ ہوئے تھے، البتہ دورہ نیوزی لینڈ ختم ہونے سے قبل ہی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکا اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کے بورڈ سے منسلک نہ رہنے سے محمد حفیظ کو خاصا نقصان ہوا۔

ذکا اشرف کی چیئرمین شپ میں محمد حفیظ نے جس طرح کام کیا، بورڈ کے چند آفیشلز کے لیے یہ طریقہ کار انتہائی تشویش کا سبب تھا، جس کا پہلا عملی نمونہ دورے کے اختتام پر دکھائی دیا، جب قائم مقام چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے بعد محمد حفیظ کو دورے کی تفصیلی میڈیا بریفنگ پر پلیٹ فارم نا دینا تھا، جس کے بعد یہ باتیں سامنے آئیں کہ چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ بطور ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ کے ساتھ زیادہ بہتر محسوس نہیں کر رہے اور اس تمام صورتحال میں تازہ ترین اضافہ اس وقت ہوا جب اطلاعات کے مطابق محمد حفیظ کوشش کے باوجود نئے چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی سے ملاقات نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں چیئرمین آفس میں موجود نبیلہ اور ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید سے بار بار رابطہ کرنے پر انہیں حوصلہ افزا جواب نہیں مل سکا۔چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر سے انہیں واضح پیغام موصول ہوا ہے کہ چیئرمین بطور ڈائریکٹر انہیں مزید وقت دینے کے خواہش مند دکھائی نہیں دیتے اور کچھ الگ سوچ کے ساتھ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔