انصاف کا نظام ہمارے لئے کچھ اور دوسروں کیلئے کچھ اورہوتا ہے، پیپلزپارٹی

امید ہے ذوالفقار بھٹو کیس میں عدالت ہمیں انصاف دے گی،ہم سالوں سے اپنی اس پٹیشن کا انتظار کررہے تھے، شیری رحمان اور فیصل کریم کنڈی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 فروری 2024 11:39

انصاف کا نظام ہمارے لئے کچھ اور دوسروں کیلئے کچھ اورہوتا ہے، پیپلزپارٹی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 فروری2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ انصاف کا نظام ہمارے لئے کچھ اور دوسروں کیلئے کچھ اورہوتا ہے، امید ہے ذوالفقار بھٹو کیس میں عدالت ہمیں انصاف دے گی۔سپریم کورٹ میں ذوالفقارعلی بھٹو کوعدالتی فیصلے کے تحت پھانسی دینے کے خلاف صدارتی ریفرنس پرسماعت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان اور فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں عدالتی قتل ہوا، امید ہے کہ سپریم کورٹ میں اس کیس پر تاریخی فیصلہ ہوگا۔

ہم سالوں سے اپنی اس پٹیشن کا انتظار کررہے تھے،ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر سماعت نے ہمیں نئی امید دی ہے۔بھٹوریفرنس کیس میں ہماری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے، عدلیہ سے انصاف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کوعدالتی فیصلے کے تحت پھانسی دینے کے خلاف صدارتی ریفرنس پرسماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ ریفرنس کی سماعت کرے گا۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین،جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔عدالت نے ریفرنس میں مقررکیے گئے عدالتی معاونین سے تحریری دلائل طلب کر رکھے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف یہ ریفرنس ان کے داماد اور سابق صدر صف علی زرداری کی جانب سے 2011 میں آئین کے آرٹیکل 86 کے دائر کیا گیا تھا۔سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں ریفرنس پر چند سماعتیں ہوئیں لیکن ان کے بعد آنے والے چیف جسٹس صاحبان نے صدارتی ریفرنس پر سماعت نہیں کی گئی تھی۔نومبر 2012 کے بعد سے اب تک پاکستان کے 8 چیف جسٹس صاحبان مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں تاہم اس ریفرنس کو سماعت کیلئے مقرر نہیں کیا گیاتھا۔موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اکتوبر 2023 میں ذوالفقارعلی بھٹو کی سزائے موت کے خلاف صدارتی ریفرنس کی جلد سماعت مقرر کرنے کا کہا تھا۔