ادارہ برائے تزویراتی وعصری تحقیق کے زیر اہتمام تیسری ینگ ریسرچرز کانفرنس

بدھ 21 فروری 2024 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) ادارہ برائے تزویراتی وعصری تحقیق کے زیر اہتمام تیسری ینگ ریسرچرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں تھنک ٹینکس،بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں اور یونیورسٹیوں کے 40 سے زیادہ نوجوان محققین نے شرکت کی۔ نوجوانوں کی جانب سے پاکستان میں اہم قومی مفادات کے مسائل پر تنقیدی بات چیت اور تحقیقی حکمت عملی تیار کی گئی۔

ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ کراچی کی ریکٹر ڈاکٹر ہما بقائی نے کلیدی خطبہ پیش کیا ۔انہوں نے نوجوانوں کو قومی مباحثہ میں شامل کرنے اور انہیں ملک اور قومی مفاد کے معاملات میں رائے دہی کی اجازت دینے پر زور دیا۔ افتتاحی اجلاس کے دوران ، سی ایس سی آر میں تحقیقی شعبے کے ڈائریکٹر طلحٰہ ابراہیم نے کنونشن کے چار موضوعاتی شعبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

قائداعظم یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحان حنیف صدیقی نے نشاندہی کی کہ اگرچہ ہم سیاسی میدان میں امریکہ اور چین کے درمیان دشمنی کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بہت زیادہ ہے۔عالمی بینک کے موسمیاتی تبدیلی کے مشیر علی توقیر شیخ نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے چیلنجز پر توجہ دینا ہوگی ،موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خطرہ سے نبرد آزما ہونا ضروری ہے۔

کانفرنس میں ہر موضوع پر ورکنگ گروپوں کے درمیان بات چیت کے بعد وائی آر سی کا اختتام ایک مکمل اجلاس میں ہوا جہاں ہر گروپ کے کلیدی اقدامات اور ایکشن پلان پیش کئے گئے جس سے علم کے اشتراک اور باہمی تعاون کے ساتھ مسائل کے حل کے لئے ایک پلیٹ فارم کو فروغ ملا ۔ کانفرنس میں 30 سے زیادہ بین الاقوامی مبصرین نے مکمل اجلاس میں شرکت کی جن میں سفارتکار اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔