پیپلز پارٹی میں آئینی عہدوں کیلئے مشاورت ، سرفرازبگٹی، گیلانی، مرادعلی شاہ کو گرین سگنل مل گیا، انوارالحق کاکڑ کا نام بھی زیر غور

جمعرات 22 فروری 2024 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) پیپلزپارٹی کی قیادت نے آئینی عہدوں پرنامزدگی کیلئے مشاورت شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق (ن) لیگ کیساتھ حکومت سازی پر حتمی مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت نے آئینی عہدوں پرنامزدگی کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق آئینی عہدوں کیلئے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کا نام سرفہرست ہے تاہم بعض حلقوں کے مطابق موجودہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا نام بھی زیرغور ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گورنرپنجاب کا عہدہ وسطی پنجاب کے کسی سینئرپارٹی رہنما کونامزد کیا جائیگا۔ اس حوالے سے پارٹی حلقوں میں چوہدری منظور ، قمر زماں کائرہ اورندیم افضل چن کے نام زیرغور ہیں،سندھ کی وزارت اعلی کیلئے مراد علی شاہ کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ کابینہ کے زیادہ ترارکان نئی کا بینہ میں بھی شامل کئے جائینگے۔ خیبر پختونخواہ سے گورنر شپ کیلئے بھی مختلف نام زیرغورہیں جن میں اخوند زادہ چٹان، ارباب عالمگیر ، فیصل کریم کنڈی کا نام بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کی وزارت اعلی کیلئے سرفرازبگٹی کوگرین سگنل دے دیا گیا ہے۔