پاکستان نئے آئی ایم ایف پروگرام میں 6 ارب ڈالر قرض کی درخواست کرے گا، بلوم برگ

جمعہ 23 فروری 2024 12:33

پاکستان نئے آئی ایم ایف پروگرام میں 6 ارب ڈالر قرض کی درخواست کرے گا، ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2024ء) امریکی جریدے بلوم برگ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے ساتھ نئے پروگرام کے لیے 6 ارب ڈالر قرضے کی درخواست کریگا۔بین الاقوامی جریدے کے مطابق رواں سال واجب الادا قرض ادائیگی میں مددکیلئے نئے قرضے کی درخواست کی جائیگی۔پاکستان آئی ایم ایف سے توسیعی فنڈ کی سہولت پر بات چیت کریگا، آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مارچ یا اپریل میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

گزشتہ موسم گرما میں پاکستان نے آئی ایم ایف سے مختصر مدت کے بیل آٹ کے کی بدولت ڈیفالٹ سے نکل گیا تھاتاہم یہ پروگرام اگلے ماہ ختم ہو جائے گا اور نئی حکومت کو 350 ارب ڈالر کی معیشت کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے طویل مدتی انتظامات پر بات چیت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

بیل آئو ٹ سے قبل پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے مطالبات کے متعدد اقدامات اٹھانے پڑے تھے، جن میں بجٹ پر نظر ثانی، اس کی بینچ مارک سود کی شرح میں اضافہ اور بجلی اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہے۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا عملہ پاکستانی حکام کے ساتھ طویل مدتی اصلاحات کی ضروری کوششوں کے حوالے سے جاری بات چیت میں مصروف ہے۔ترجمان نے کہا کہ اگر درخواست کی جائے تو پاکستان میں جاری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک نئے انتظام کے ذریعے انتخابات کے بعد کی حکومت کی مدد کے لیے فنڈز دستیاب ہیں۔پاکستان کے نگراں وزیر خزانہ نے بلومبرگ کی رپورٹ کے بارے میں تبصرہ کرنے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔فچ نامی ریٹنگ ایجنسی نے کہا کہ نئی حکومت کو کئی اہم مسائل کا سامنا کرنا ہوگا جن میں پاکستان کو فوری طور پر مختلف بین الاقوامی شراکت داروں سے رقم حاصل کرنا اہم مسئلہ ہے کیونکہ ملک کی مالی صورتحال پہلے ہی کمزور ہے۔