الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر نوٹفکیشن جاری کردیا‘تحریک انصاف کی اتحادی سنی اتحاد کی مخصوص نشستوں پر فیصلہ نہ ہوسکا

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ ہوا تو پنجاب، سندھ کے ساتھ باقی اسمبلیوں میں بھی ان کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 23 فروری 2024 15:39

الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر نوٹفکیشن جاری کردیا‘تحریک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2024 ) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں سندھ اور بلوچستان سے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی خواتین کی فہرست جاری کردی ہے‘سندھ سے 14 اور بلوچستان سے چار خواتین منتخب ہوئی ہیں. تاہم تحریک انصاف کی اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ابھی تک الاٹ نہیں گئیں‘الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کو ان کی جماعت کی جانب سے حاصل کردہ نشستوں کی بنیاد پر قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جا رہی ہے.

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق سندھ سے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی دس خواتین کو نشستیں دی گئی ہیں جن میں شازیہ جنت مری، نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی، شاہدہ رحمانی، شہلا رضا، مہتاب اکبر راشدی، مسرت، مہرین رزاق بھٹو، شازیہ ثوبیہ اور ناز بلوچ شامل ہیں‘متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے آسیہ اسحاق صدیقی، نکہت شکیل خان، سبحین غوری اور رعنا انصار سندھ سے قومی اسمبلی کی خواتین کی نشست پر منتخب ہوئی ہیں.

بلوچستان سے قومی اسمبلی کی رکن بننے والوں میں پیپلز پارٹی کی ازبل زہری، مسلم لیگ (ن) کی کرن حیدر اور اختر بی بی جب کہ جے یوآئی کی عالیہ کامران شامل ہیں‘الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر اراکین کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے لیکن پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ کامیاب ا±میدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے باوجود مخصوص نشستیں نہیں مل سکیں.

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اور سندھ اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر سنی اتحاد کونسل کا جو حصہ بنتا ہے اتنی نشستوں پر نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے‘الیکشن کمیشن آج یہ فیصلہ کرے گا کہ پی ٹی آئی کی حمایت سے جیتنے والے منتخب اراکین کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد انہیں مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں یا نہیں کیوں کہ سنی اتحاد کونسل کے ٹکٹ پر کوئی بھی امیدوار پنجاب اور سندھ میں الیکشن نہیں جیت سکا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ ہوا تو پنجاب، سندھ کے ساتھ باقی اسمبلیوں میں بھی ان کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 24 فروری بروز ہفتہ طلب کرلیا ہے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں، جو صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے.