الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے آزاد ایم این اے کو ن لیگ کا رکن قرار دے دیا

این اے 262 کوئٹہ سے الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عادل خان بازئی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ بھی جمع کروا چکے

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 فروری 2024 23:20

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے آزاد ایم این اے کو ن لیگ کا رکن قرار دے ..
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2024ء ) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے آزاد ایم این اے کو ن لیگ کا رکن قرار دے دیا، این اے 262 کوئٹہ سے الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عادل خان بازئی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ بھی جمع کروا چکے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق 8 فروری کے انتخابات میں بلوچستان سے قومی اسمبلی کی صرف 2 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، بعد ازاں یہ دونوں آزاد امیدوار ن لیگ میں شامل ہو گئے، اسی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کر دی۔

تاہم انکشاف ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن جن 2 آزاد امیدواروں کے ن لیگ میں شامل ہونے کا دعوٰی کر رہا ہے، ان میں ایک امیدوار تحریک انصاف کا حمایت یافتہ ایم این اے بھی ہے۔

(جاری ہے)

 اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق 8 فروری کے عام انتخابات میں بلوچستان سے صرف دو ہی آزاد امیدوار ایم این اے منتخب ہوئے ہیں جن میں سے ایک عادل خان بازئی اور دوسرے میاں خان بگٹی ہیں۔

میاں خان بگٹی این اے 253 سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عادل خان بازئی این اے 262 کوئٹہ سے فتحیاب ہوئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے دونوں آزاد امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور اس بنیاد پر خواتین کی نشستوں کی تقسیم کر دی گئی ہے۔ تاہم عادل بازئی نے ن لیگ میں شمولیت کی تردید کر دی ہے۔

عادل بازئی نے اپنا وضاحتی بیان جاری کیا اور کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق انہوں نے پارٹی پالیسی کے مطابق سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ الیکشن کمیشن میں 20 فروری کو جمع کرا دیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف ترین کے مطابق عادل بازئی سے گذشتہ 3 دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا اور ان کے سارے موبائل فون نمبر بند جا رہے ہیں۔