گورنر بلوچستان نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس28فروری کو طلب کرلیا

نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سہ پہر3بجے اسمبلی ہال میں ہوگا ، صدارت اسپیکربلوچستان اسمبلی جان جمالی کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 فروری 2024 14:31

کوئٹہ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 فروری2024 ء) گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 28فروری کو طلب کرلیا گیا،نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سہ پہر3بجے اسمبلی ہال میں ہوگا جس کی صدارت اسپیکربلوچستان اسمبلی جان جمالی کریں گے۔اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

بلوچستان اسمبلی کے 65 میں سے اب تک 62 نشستوں پر منتخب اراکین کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جا چکاہے۔بلوچستان اسمبلی کی3 نشستوں پر تنازع کے باعث الیکشن کمیشن نے نتائج کو روک دیا ہے۔ زیارت اور ہرنائی سے بعض نشستوں پردوبارہ پولنگ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی میں غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علماءاسلام پاکستان کے حصہ میں ا یک ایک نشست آئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سنجے کمار، مسلم لیگ (ن) کے پیٹرک سینٹ مسیح اور جمعیت علماءاسلام پاکستان کے روی پوجا کامیاب قرار پائے۔بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کابھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاتھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ، مینا مجید، شہناز عمرانی ،مسلم لیگ ن کی راحیلہ درانی، ہادیہ نواز، ربابہ بلیدی۔

جمعیت علمائے اسلام ف کی شاہدہ رﺅف اور صفیہ، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی سے فرح عظیم شاہ۔نیشنل پارٹی سے امِ کلثوم، اے این پی اور سلمیٰ بی بی رکن بلوچستان اسمبلی بن گئیں۔ اس طرح پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 3، 3 مخصوص نشستیں مل گئیں، جے یو آئی کو خواتین کی 2 مخصوص نشست ملیں جبکہ نیشنل پارٹی اور اے این پی کو خواتین کی ایک، ایک مخصوص نشست ملی۔