Live Updates

منظور وسان نے وفاقی حکومت بننے سے پہلے ہی اس کی مدت سے متعلق خواب دیکھ لیا

کچھ لوگ مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کریں گے مگر ناکام ہو جائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 فروری 2024 11:10

منظور وسان نے وفاقی حکومت بننے سے پہلے ہی اس کی مدت سے متعلق خواب دیکھ ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے حکومت بننے سے قبل ہی اس کی مدت سے متعلق پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دو سال تک چلے گی، آگے چل کر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، کچھ لوگ مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کریں گے مگر ناکام ہو جائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کا دو سال تک کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے غلطی پر غلطی کروائی جائے گی۔

اسی حوالے سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے باوجود ملکی حالات خراب ہوں گے اور بہتری نہیں آئے گی، یہ حکومت دراصل چوں چوں کا مربہ اور پی ڈی ایم ٹو ہے، اسی لیے نئی حکومت کے باوجود ملکی حالات خراب ہوں گے اور جب تک عمران خان اور تحریک انصاف کو شامل نہیں کرتے ان میں بہتری نہیں آئے گی کیوں کہ پاکستان کی عوام ایک طرف اور حکومت دوسری جانب کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آئندہ اتحادی وفاقی حکومت کے وزیر خزانہ کے حوالے سے اہم دعوٰی کیا ہے، جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دوبارہ وزیر خزانہ بننے کے امکانات کو رد کر دیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ اسحاق ڈار وزیرخزانہ نہیں ہوں گے انہیں آنا بھی نہیں چاہیے، اسحاق ڈار ڈالر کو ساڑھے 300 پر چھوڑ کر گئے تھے، اگر وہ آئے تو یہ بہت بڑا نقصان ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معجزہ ہوگیا کہ مخلوط حکومت بن گئی، صوبوں میں آگئے، امکانات اور ممکنات کی بنیاد پر نئی حکومت بننے جارہی ہے، ناممکنات میں ہے پھر بھی حکومت صرف پونے دوسال چلے گی، اس کی وجوہات ہیں کہ 24 ارب ڈالرقرض واپس دینا ہے 2ارب ڈالر کا ڈیپازٹ ہے، بجلی کے نرخ ہیں، آئی ایم ایف کا سیٹلمنٹ پلان ہے، مہنگائی بے روزگاری جیسے مسائل زیادہ ہیں، سب کو صوبے مل رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات