ریاست جموں کشمیر کے عظیم حریت پسند رہنما و بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کے 40 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش

اتوار 25 فروری 2024 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2024ء) ریاست جموں و کشمیر کے عظیم حریت پسند رہنما و بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کے 40 ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے زیر اہتما م"فکرِ مقبول" کے موضوع پر "یوتھ کانفرنس" منعقد ہوئی جس میں مقررین نے مقبول بٹ سمیت جملہ شہدائے جموں کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور تہاڑ جیل میں گزشتہ پانچ سال سے قید کشمیریوں کے قومی رہنما محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کو قید و بند کی سخت ترین صعوبتیں برداشت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مقررین نے اس موقع پر مقبول بٹ شہید کی جدوجہد، فکر، نظریہ اور قربانی پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے انہیں کشمیری قوم کے حقیقی ہیرو اور نوجوان نسل کے لئے مثالی و قابل تقلید شخصیت قرار دیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس موقع پر تحریک آزادی اور مقبول بٹ کی قربانی کو اپنی جہد مسلسل کے زریعے زندہ رکھنے اور مزید اجاگر کرنے پر شہید کے ہمسفر قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کو زبردست الفاظ میں سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے جانشین قائد انقلاب و تہاڑ جیل میں گزشتہ پانچ سال سے قید پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کو تحریک کے تئیں نبھائے جانے والے جاندار کردار اور صبر و استقامت کے مظاہرے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سنٹرل انفارمیشن آفس سے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فکر مقبول یوتھ کانفرنس میں پاکستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کے علاوہ پارٹی کے چند رہنماؤں نے گفتگو کی۔ سینئر صحافی و اینکرپرسن حامد میر ،سرینگر سے تعلق رکھنے والے متحرک ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ و سربراہ لیگل فورم فار کشمیر ایڈووکیٹ ناصر قادری، سیاسی تجزیہ نگار و نمل یونیورسٹی کے پروفیسر نعیم طاہر ملک، پاکستان کی معروف خاتون ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ و چیئرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان آمنہ مسعود جنجوعہ اور محقق و ماہر زراعت ڈاکٹر عرفان محمود ،جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین سلیم ہارون، سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے چیئرمین عبید شبیر اور پارٹی کی خاتون رہنما نصرت قریشی اور ترجمان محمد رفیق ڈار اور ایس ایل ایف کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمران جہانگیر نے خطاب کیا ۔

حامد میر نے اپنی گفتگو میں مقبول بٹ کو تحریک آزادی جموں کشمیر کا ہیرو قرار دیا۔