Live Updates

زور زبردستی عہدے سنبھال کر جمہوریت پر کاری ضرب لگائی جارہی ہے ‘ مسرت چیمہ

پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملے بغیر سپیکر ،ڈپٹی سپیکر ،وزیر اعلیٰ کا انتخاب جمہوریت کیساتھ تماشہ ہے‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

منگل 27 فروری 2024 13:00

زور زبردستی عہدے سنبھال کر جمہوریت پر کاری ضرب لگائی جارہی ہے ‘ مسرت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مینڈیٹ نہ ہونے کے باوجود زور زبردستی عہدے سنبھال کر جمہوریت پر کاری ضرب لگائی جارہی ہے ،جو جمہوریت میں مقابلے کی بات کرتے ہیں کیا ان میں یہ کہنے کی جرات ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سپیکر،ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے قبل تحریک انصاف کو خواتین کی مخصوص اور اقلیتوں کی نشستیں ملنی چاہئیں تھیں ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پارٹی قیادت نے وکلاء کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ انتخابی نتائج پر تحفظات رکھنے والے امیدوار وں کو قانونی مدد فراہم کریں ،ہم مخصو ص نشستوں کو نظر انداز نہیںکر سکتے ہیں ، پی ٹی آئی کو حق ملنے بغیر سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا جمہوریت کے ساتھ کھلا تماشہ نہیں ۔

(جاری ہے)

اس طرح کے اقدامات سے ہمیں سینیٹ انتخابات میں بھی ہمارے حق سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ نہ ہونے کے باوجود زور زبردستی عہدے حاصل کر کے جمہوریت کی آبیاری نہیں کی جارہی بلکہ اس پر ضرب لگائی جارہی ہے ۔عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اسے کھلے دل سے تسلیم کیا جائے اور ہمیں خواتین کی مخصوص اور اقلیتوں کی نشستیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند دنوں میں جمہوریت سے جو کھلا مذاق ہوا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں اور اس پر عوام کو گہری تشویش ہے ۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات