قومی اسمبلی کے حلقہ این اے97 فیصل آبادتھری کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا

جمعرات 29 فروری 2024 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں 8 فروری کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آبادتھری میں منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاعمل جمعرات کی شام مکمل ہوگیاجس میں حلقہ کے تمام 341 پولنگ سٹیشنوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔

اس موقع پرریٹرننگ آفیسر حلقہ این اے 97 فیصل آبادتھری رانا اورنگزیب، الیکشن کمیشن فیصل آباد کے حکام اوربعض امیدواروں سمیت ان کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے میڈیا کو آگاہ کیا گیا کہ نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان خود کرے گا۔یادرہے کہ قبل ازیں 8 فروری کو ہونیوالی پولنگ کے نتیجہ میں فارم47 کے مطابق مذکورہ حلقہ سے آزاد امیدوار محمد سعد اللہ 72614 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مقابلہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار علی گوہر خان بلوچ نے 70311،پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے محمد خان ندیم نے 32646اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے 30435ووٹ حاصل کئے تھے۔

(جاری ہے)

اس وقت ریٹرننگ آفیسر رانا اورنگ زیب کی جانب سے جاری کئے گئے فارم 47کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق مذکورہ حلقہ کیلئے 341پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔اس حلقہ میں 272265مردوں اور 219438خواتین سمیت ووٹرز کی کل تعداد 491703تھی جبکہ الیکشن میں 148749مردوں اور 102858خواتین سمیت کل1607 25 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔8 فروری کے فارم 47کے مطابق ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 242133اور گنتی سے خارج ووٹوں کی تعداد 9474رہی اس طرح ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 51.17فیصد رہی۔

فارم 47میں درج نتیجہ کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار حافظ عابد حسین نے 10439،آزاد امیدوار ذوالفقار علی نے 5742،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قیصر ہارون طور نے 1623،جماعت اسلامی پاکستان کے امیدوار مدثر احمد شاہ نے 6887ووٹ حاصل کئے تھے۔فارم 47 کے مطابق8فروری کے انتخا بات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97فیصل آباد تھری سے کل 22امیدوار مد مقابل تھے جن میں سے ایک امیدوار احسن ریاض فتیانہ سابق ایم پی اے بعد ازاں الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے۔