قومی اسمبلی اجلاس ، ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے پر سپیکر نے سیکورٹی کو طلب کرلیا

گیلری میں بیٹھے مہمان سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے الجھ پڑے، سپیکر نے جھگڑا کرنے والے تمام افراد کو باہر نکال دیا،جمشید دستی کی بھی تلخ کلامی، راجہ پرویز اشرف نے کہا جو بھی تھا اس کو باہر پھنک دیا جائے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 مارچ 2024 12:10

قومی اسمبلی اجلاس ، ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے پر سپیکر نے سیکورٹی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 مارچ2024 ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے موقع پر ایوان میں ہنگامہ آرائی،سپیکر راجہ پرویز اشرف نے سیکیورٹی کو طلب کر لیا،گیلری میں بیٹھے مہمان سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے الجھ پڑے، سپیکر نے گیلری میں جھگڑا ہونے پر تمام افراد کو باہر نکال دیا۔ جمشید دستی اور گیلری میں موجود افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو بھی تھا اس کو باہر پھنک دیا، بدنظمی پھیلانے والے کو باہر نکال دیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ایوان میں پہنچنے پر ن لیگی اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم کے گرد حصار بنا لیا۔ سنی اتحاد کونسل اراکین نے نواز شریف کی آمد پر چور چورکے نعرے لگائے جبکہ لیگی اراکین نے شیر شیر کے ساتھ قیدی نمبر 420 کے نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو بیلٹ پیپر کے اجراءپر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے جبکہ عطا تارڑ کے ووٹ ڈالنے پر سنی اتحاد کونسل نے ووٹ چور کے نعرے لگائے۔قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اراکین کے شور شرابے پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج ایوان سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرے گا، ایوان کو چلنے دیں، اگر کوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن یا عدالت جائیں۔

اسمبلی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جن ممبران کو نوٹیفائی کیا وہ ایوان کے معزز ارکان ہیں، جس آرٹیکل کے تحت آپ نے حلف اٹھایا، اسی کے تحت دیگر نے بھی حلف اٹھایا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر نے اظہار خیال کرنا شروع کیا تو سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا، جس پر اسپیکر نے کہا کہ جب آپ لوگ بات کر رہے تھے تو سب نے خاموشی سے سنا، آپ لوگوں کو بھی دوسروں کو خاموشی سے سننا چاہیے۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے نئے سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کی کارروائی شروع کروائی، راجہ پرویز اشرف نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو اردوآرڈر کے مطابق نام پکارنے اور ووٹنگ کا کہا۔خالی بیلٹ باکس ایوان کو دکھا کر سیل کر دیا گیا، قومی اسمبلی میں سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوا۔اردو حروف کے لحاظ سے ارکان کو ووٹنگ کیلئے بلایا گیا، رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔