فرقہ وارانہ، نفرت انگیز اور دیگر غیر قانونی مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر قابل سزا جرم ،محکمہ قانون و انصاف حکومت آزادکشمیر نے ایڈوائزری جاری کر دی

جمعہ 1 مارچ 2024 23:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) فرقہ وارانہ، نفرت انگیز اور دیگر غیر قانونی مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر قابل سزا جرم ہے جس کے متعلق محکمہ قانون و انصاف حکومت آزادکشمیر نے ایڈوائزری جاری کر دی۔آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ فرقہ وارانہ نفرت انگیز بخش اور دیگر غیر قانونی مواد کا سماجی روابط کی ویب سائٹس، پلیٹ فارمز جیسا کہ فیس بک، انسٹا گرام، وٹس ایپ، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر ایپس X (ٹویٹر) وغیرہ پر اپ لوڈ کرنا تشہیر کرنا ترویج دینا (Glorify کرنا) سنسنی پھیلانا شیئر کرنا اور پسند کرنا کمنٹس کرنا یا غیر قانونی رسائی حاصل کرنا وغیرہ آزاد پینل کوڈ کی دفعات 489 ـ 189 کے تحت قابل سزا جرائم ہیں۔

(جاری ہے)

ان جرائم کے مرتکب افراد کو تین ماہ تا 14 سال سزائے قید اور پچاس ہزار تا پانچ کروڑ روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ عوام الناس کو مزید آگاہ کیا جاتا ہے کہ اپنی اور اپنے عزیز واقارب کی سائبر حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے نفرت انگیز، فرقہ وارانہ، دہشت گردانہ مواد کو جملہ ساجی روابط کے پلیٹ فارمز پرشیئر کرنے، اپ لوڈ کرنے اور پسند یا شیئر کرنے سے خود بھی اجتناب کریں اور عزیز واقارب پر بھی نظر رکھیں اور دانستہ وغیر دانستہ طور پر ایسے جرائم کا حصہ نہ نہیں۔

بصورت دیگر آپ کو اور آپ کے عزیز و اقارب کو سنجیدہ نوعیت کے تعزیری قوانین کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عوام ایسے کسی مواد کے موصول ہونے پر فوری طور پر متعلقہ ویب سائیٹ، پلیٹ فارم وغیرہ کورپورٹ کریں اور اپنی سائبر سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ سائبر سے متعلقہ جرائم سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ مضبوط سائبر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ جن میں مضبوط اور منفرد پاسپورڈ استعمال کرنا، سافٹ ویئر آپریٹنگ سسٹم اور سیکورٹی کو اپ ڈیٹ رکھنا اور اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا استعمال شامل ہے۔ اہم ڈیٹا کو با قاعدگی سے محفوظ (save) کریں اور Backup لیں تاکہ کسی سائبر واقعہ کی صورت میں ڈیٹا کی بازیابی ممکن ہو سکے۔