فرقہ وارانہ، نفرت انگیز اور غیر قانونی مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر قابل سزا جرم ،محکمہ قانون و انصاف حکومت آزادکشمیر نے ایڈوائزری جاری کر دی

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) فرقہ وارانہ، نفرت انگیز اور دیگر غیر قانونی مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر قابل سزا جرم ہے۔ محکمہ قانون و انصاف حکومت آزادکشمیر نے ایڈوائزری جاری کر دی۔آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے عوام الناس کی سائبر سکیورٹی، جدید سائبر ٹیکنالوجی کے معاشرہ میں صحت مند اور مثبت استعمال اور سائبر سے متعلقہ جرائم کے تدارک کیلئے کے تحت سائبر جرائم کو قانون برائے انسداد جرائم مجریہ ترمیمی ایکٹ دوم2020 آزاد جموں وکشمیر میں سال 2020ء سے آزاد پینل کوڈ کے تحت قابل سزا قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالہ سے عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ فرقہ وارانہ نفرت انگیز بخش اور دیگر غیر قانونی مواد کا سماجی روابط کی ویب سائٹس، پلیٹ فارمز جیسا کہ فیس بک، انسٹا گرام، وٹس ایپ، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر ایپس ایکس (ٹویٹر) وغیرہ پر اپ لوڈ کرنا ،تشہیر کرنا ، ترویج دی، سنسنی پھیلانا ، شیئر کرنا اور پسند کرنا کمنٹس کرنا یا غیر قانونی رسائی حاصل کرنا وغیرہ آزاد پینل کوڈ کی دفعات 489 ـ 189 کے تحت قابل سزا جرائم ہیں۔

(جاری ہے)

ان جرائم کے مرتکب افراد کو تین ماہ تا 14 سال سزائے قید اور پچاس ہزار تا پانچ کروڑ روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ عوام الناس کو مزید آگاہ کیا جاتا ہے کہ اپنی اور اپنے عزیز واقارب کی سائبر حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے نفرت انگیز، فرقہ درانہ، دہشت گردانہ مواد کو جملہ ساجی روابط کے پلیٹ فارمز پرشیئر کرنے، اپ لوڈ کرنے اور پسند کرنے سے خود بھی اجتناب کریں اور عزیز واقارب پر بھی نظر رکھیں اور دانستہ وغیر دانستہ طور پر ایسے جرائم کا حصہ نہ بنیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عوام ایسے کسی مواد کے موصول ہونے پر فوری طور پر متعلقہ ویب سائیٹ، پلیٹ فارم وغیرہ کورپورٹ کریں اور اپنی سائبر سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔ سائبر سے متعلقہ جرائم سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ مضبوط سائبر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ جن میں مضبوط اور منفرد پاسپورڈ استعمال کرنا، سافٹ ویئر آپریٹنگ سسٹم اور سکیورٹی کو اپ ڈیٹ رکھنا اور اینٹی وائرس سافٹ ویئر کا استعمال شامل ہے۔ اہم ڈیٹا کو با قاعدگی سے محفوظ کریں اور بیک اپ لیں تاکہ کسی سائبر واقعہ کی صورت میں ڈیٹا کی بازیابی ممکن ہو سکے۔