ایم کیو ایم آصف علی زرداری کو ووٹ دینے پر راضی

ن لیگ کی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو قریب لانے کی کوششیں کامیاب،متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت پر مشاورت کی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 6 مارچ 2024 10:19

ایم کیو ایم آصف علی زرداری کو ووٹ دینے پر راضی
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 مارچ2024 ء) متحدہ قومی موومنٹ صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو ووٹ دینے پر راضی ہو گئی،ن لیگ کی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو قریب لانے کی کوششیں کامیاب ہوگئیں۔ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدارتی انتخاب سمیت دیگر اہم پر اراکین سے مشاورت کی گئی ۔اجلاس میں خالد مقبول صدیقی نے پیپلزپارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کے مطالبے پر شرکاءسے تبادلہ خیال کیا۔

شرکاءکی متفقہ رائے کے بعد صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت اور انہیں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی آئینی ترامیم پر تعاون کی مثبت یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے نامزد آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول کو ٹیلی فون کر کے ان سے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔خالد مقبول صدیقی اور آصف علی زرداری کے درمیان صدارتی الیکشن، سیاسی صورتحال اور سندھ کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی تھی ۔پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے ووٹ کی درخواست کی جس پر خالد مقبول صدیقی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد جلد جواب دینگے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی جماعت صدارتی الیکشن کیلئے آصف علی زرداری کو ووٹ دیگی تو ان کا کہنا تھا ابھی تک تو پیپلز پارٹی نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کیلئے 9 مارچ کی تاریخ دے رکھی ہے جبکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی تھی اور گزشتہ روز ریٹرننگ آفیسرنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی تھی۔