قومی نصاب کے تحت 28 سال بعد نویں سے بارھویں تک نئے مضامین متعارف

نویں سے بارھویں جماعت کے اختیاری، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹیکنیکل مضامین یعنی مجموعی طور پر 83 مضامین اپڈیٹ کیے جائیں گے،ڈاکٹر مریم چغتائی

جمعرات 7 مارچ 2024 13:39

قومی نصاب کے تحت 28 سال بعد نویں سے بارھویں تک نئے مضامین متعارف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) قومی نصاب کونسل کے تحت طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاق کے بعد تمام صوبوں میں 28 سال بعد نویں سے بارھویں جماعت میں نئے مضامین متعارف کروا دیئے گئے۔قومی نصاب کونسل کی جانب سے اختیاری مضامین، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ایڈیشنل ٹیکنیکل مضامین اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور اب طلبہ جدید دور سے ہم آہنگ نئے مضامین پڑھ سکیں گے۔

اس ضمن میں ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی نے بتایاکہ وفاق کے بعد اب تمام صوبوں یعنی سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی مرحلہ وار نوٹیفائی کیا جارہا ہے کہ نویں سے بارھویں جماعت کے اختیاری، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹیکنیکل مضامین یعنی مجموعی طور پر 83 مضامین اپڈیٹ کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لازمی مضامین 2006 میں جبکہ اختیاری مضامین 1995 میں آخری مرتبہ اپڈیٹ ہوئے تھے، اسی لیے مضامین کو دور حاضر کے مطابق اپڈیٹ کرنا بہت ضروری تھا۔

ڈاکٹر مریم چغتائی نے بتایا کہ نیشنل کریکولم آف پاکستان کے تحت وفاق کے بعد سندھ میں پہلے مرحلے میں رواں سال نویں اور گیارھویں جماعت کے اختیاری مضامین میں نیا تعلیمی نصاب پڑھایا جاسکتا ہے جبکہ اگلے سال 2025 میں دسویں اور بارھویں جماعت میں اپ گریڈ کریکولم پڑھایا جاسکے گا، سندھ کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنا نصاب اپڈیٹ کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ فنڈز کی قلت کے باوجود مجموعی طور پر 83 مضامین کی اپ گریڈیشن نوٹیفائی کردی ہے، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں نویں سے بارھویں جماعت کے 10، اضافی تکنیکی مضامین کے 14 اور اختیاری کے 38 مضامین اپ گریڈ کیے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر نینشل کریکولم کونسل نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مضامین میں میڈیکل ٹیکنالوجی، فیشن ڈیزائننگ اور ڈریس میکنگ، گرافک ڈیزائننگ اور میڈیا پروڈکشن، مہمان نوازی اور سیاحت کا انتظام، ڈیٹا کوڈنگ سمیت دیگر مضامین ہیں۔انہوں نے کہاکہ نویں سے بارہویں جماعت کے اضافی تکنیکی مضامین میں اشتہار، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، سول کنسٹرکشن، کمپیوٹر ایپلیکیشن، کمپیوٹر ہارڈویئر، مارکیٹنگ، انٹرپرینیورشپ، ایونٹ مینجمنٹ، فوڈ پروسیسنگ اور تحفظ، موٹر وائنڈنگ، آٹومیشن اور روبوٹکس ٹیکنالوجی، ویلڈنگ، لکڑی کے کام کے مضامین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی مضامین میں کپڑے اور ٹیکسٹائل، خوراک اور غذائیت، جنرل سائنس، انگریزی ادب، نفسیات، لائبریری سائنسز، جدید دنیا کی تاریخ، مسلم ہندوستان کی تاریخ، اسلامی تہذیب، فلسفہ، شہریات، سماجیات، چینی، اکانٹنگ کے اصول، بچوں کی نشوونما، ٹائپنگ اور شارٹ ہینڈ، تعلیم، صحت اور جسمانی تعلیم، اسلامی تاریخ، ہوم اکنامکس، پنجابی، جرمن، معاشیات، خوراک اور غذائیت کے بنیادی اصول، ہوم نرسنگ، آرٹ اور ڈیزائن کا تعارف، تجارت کے اصول، فرانسیسی، فارسی، عربی سمیت دیگر شامل ہیں۔