ظ*پاکستان عوامی تحریک کا بھی ملک میں متناسب نمایندگی کا نظام لانے کا مطالبہ

جمعرات 7 مارچ 2024 22:40

اسلام ?باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2024ء) پاکستان عوامی تحریک نے بھی ملک میں متناسب نمایندگی کا نظام لانے کا مطالبہ کردیا. جمعرات کے روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا پوسٹ الیکشن اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس کی صدات سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔اجلاس میں سی ای سی کے ممبران اور قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حالیہ انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ یہ فرسودہ نظام عوامی امنگوں کا ترجمان نہیں ہے۔متناسب نمائندگی کے نظام سے ہی تبدیلی آئے گی۔مقروض پاکستان اشرافیہ کے مفادات کے محافظ پارلیمانی نظام کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام جمہوریت نے ووٹرز اور نمائندے دونوں کو کرپشن کے راستے پر ڈال دیا ہے۔

کوئی بھی نمائندہ اس نظام میں کروڑوں روپے خر چ کئے بغیر انتخابی مہم نہیں چلا سکتا۔ووٹر،گاڑیاں اورراشن مانگتا ہے،اس نظام نے جماعتوں کی بجائے افراد کو فرعون بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمانی جمہوری نظام نے 25کروڑ عوام کو ہاتھ پاؤں باندھ کر آئی ایم ایف کے آگے ڈال دیا ہے۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ اس نظام میں صرف چوکیدار بدلتے ہیں کرپٹ نظام اپنی جگہ قائم ہے۔

عوام دشمن نظام نے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔اس نظام میں ریاست کمزور ہوتی جا رہی ہے۔یہ وقت سیاست نہیں ریاست بچانے کا ہے۔یہ فرسودہ نظام کبھی بھی پاکستانیوں کو متحد اور ملک کو مستحکم نہیں ہونے دے گا۔اجلاس میں راجہ زاہد محمود،نور اللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول،عارف چوہدری،سردار عمر دراز،میاں کاشف محمود،ثاقب بھٹی و دیگر شریک تھے۔…. اعجاز خان