بلوچستان اسمبلی اجلاس، ذوالفقارعلی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینے، الیکشن مہم کے دوران شہید ہونے والوں کے لواحقین کومعاوضہ دینے کی قراردادیں منظور

جمعہ 8 مارچ 2024 18:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) بلو چستان اسمبلی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینے اور الیکشن مہم کے دوران شہید اورزخمی ہونے والوں کے ورثا کومعاوضہ دینے کی قراردادیں منظور کرلیں اسمبلی کا اجلاس جمعہ کوڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی صدارت میں تلاوت قران پاک سے شروع ہو ا ،اجلاس میں رکن بلوچستان اسمبلی صادق سنجرانی، ظفر اللہ زہری محمد خان لہڑی اور نور محمد دمڑ نے حلف اٹھا لیا، اراکین اسمبلی نے بلو چستان میں بجلی بحران پر تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ کیسکو چیف کو اسمبلی طلب کر کے بجلی کا مسئلہ حل کیا جا ئے ،رمضان المبارک میں سحری اور افطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا ئے۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ صو بے کے دیہی علا قوں میں تین گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس سے زمینداروں اور علا قے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اجلاس میں و زیر اعلی بلو چستان میر سرفراز بگٹی ، نواب ثنا اللہ زہری و دیگر اراکین کی جانب سے بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت سے متعلق سپریم کورٹ کی رائے کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ قرار داد پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

قرارداد پیش کرتے ہوئے رکن پیپلز پارٹی میر صادق عمرانی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے فیصلہ پر قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے لہذا صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے رجوع کرکے سرکاری طور پر ذوالفقار علی بھٹو کو شہید قرار دیکر ان کو قومی ہیروڈکلیر کرنے کا اعلان کیا جائے پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست الفاظ میں خر اج عقیدت پیش کر تے ہو ئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ہم سے جدا ہوئے لیکن ان کے نظریہ کو ختم نہیں کراسکے ان کی بدولت پاکستان ایٹمی طاقت بناکر ملک کی ناقابل تسخیر بنایا پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی مدد جتک نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ شدید سردی میں کو ئٹہ شہر کے مختلف علا قوں میں گیس پر یشر میں کمی سے لو گوں کو مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو پابند کیا جا ئے سریاب اور ملحقہ علا قوں میں گیس پر یشر کا مسئلہ حل کیا جا ئے گا بلو چستان اسمبلی نے الیکشن مہم کے دوران بم حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے سے متعلق قرار داد منظور کرنے کے بعد اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا ۔