محمود خان اچکزئی کا صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ غیرجمہوری ہے،نثار کھوڑو

جمعہ 8 مارچ 2024 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2024ء) پیپلز پارٹی نے صدارتی امیدوار محمود محمود خان اچکزئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے کو غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے اس عمل کو ملک میں آئینی عہدے کی تکمیل کے عمل میں رخنہ ڈالنے اور جمہوریت کی پٹری کو ڈی ریل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ غیرجمہوری ہے۔

جمعہ کو ایک بیان میں نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پی ٹی آ ئی اور سنی اتحاد کونسل ملک کو بحران کی طرف دکھیلا کر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر ملک میں جمہوریت کی پٹری کو ڈی ریل کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے بغیر جب شہباز شریف اتحادی جماعتوں کی حمایت سے وزیراعظم بن سکتے ہیں تو آصف علی زرداری بھی صدر مملکت بن سکتے ہیں۔

اگر مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو مل بھی جاتیں تو بھی محمود خان اچکزئی صدر مملکت منتخب نہیں ہوسکتے تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو صدر کے لئے سینیٹ، پارلیمنٹ اور تمام اسمبلیوں کے الیکٹورل کالج میں ووٹوں کی وہ اکثریت حاصل ہی نہیں ہے اور پی ٹی آئی ،سنی اتحاد کونسل محمود خان اچکزئی کی صدر کے انتخاب میں شکست یقینی دیکھ کر صدارتی انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدراتی انتخابات کے لئے الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد الیکٹورل کالج مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے اراکین کے ووٹ نہ دینے کے باوجود بھی آصف علی زرداری 9 مارچ کو سینیٹ، پارلیمنٹ اور تمام اسمبلیوں کے الیکٹورل کالج سے بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدر مملکت بن جائینگے اس لئے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے کرکے جمہوری اور آئینی عمل کو کمزور کرنے کی سازش نہ کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو گرینڈ ڈائیلاگ کرنے اور میثاق معیشت تشکیل دینے کی دعوت دیتی ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن پر ملک کو جمہوری، معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے مفاہمتی ویژن کے تحت اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلیاں وجود میں آچکی ہیں اور صدر کا آئینی عہدہ مکمل ہونے کے بعد ملک مکمل جمہوریت کی پٹری پر مکمل گامزن ہوگا اور پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔#