ماہ رمضان المبارک 1445ھ کا چاند نظر آگیا ،منگل کو پہلا روزہ ہو گا،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

پیر 11 مارچ 2024 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) ماہ رمضان المبارک 1445ھ کا چاند نظر آگیاہے،کل منگل کو پہلا روزہ ہو گا۔ ماہ رمضا ن المبارک1445ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس پیر کے روز دفتراوقاف ایڈمنسٹریٹر عیدگاہ چارسدہ روڈ پشاور میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں وزرات مذہبی امور حکومت پاکستان سے ڈی جی سید مشاہد حسین خالدنے جبکہ فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز، محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے اوروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پاکستان سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔اجلاس میں مرکزی رؤیت کمیٹی پاکستان کے جو اراکین شریک ہوئے ان میں مولانا حافظ عبدالغفور،مولانا یٰسین ظفر، مفتی فیصل احمد،قاری عبدالرؤف مدنی،مفتی علی اصغر عطاری، مفتی محمد یوسف کشمیری، پیر سید شاہد علی جیلانی،مولانا عبدالمالک بروہی،مولانا اشرف علی،مفتی قاری مہراللہ،صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی،مولانا اسد زکریا قاسمی اور زونل رؤیت ہلال کمیٹی پشاورکے ممبران مولانا احسان الحق،مولانا مفتی فضل اللہ جان،مولانامحمد علی شاہ،مولانا سید عبدالبصیررستمی،علامہ عابد حسین شاکری،مفتی عتیق اللہ قادری اور دیگر علماء کرام میں مولانا عمر فاروق شاہ،مولانا عابد اسرار،مولانا بلال احمد گولڑوی،سید محمد عبدالبصیر آزاد،سید عبدالکبیر آزاد،ڈاکٹر ارشاد احمد خان،اُنیب الرحمن،شیخ زبیر احمد،پروفیسر ظفراللہ جان،مولانا مفتی آصف سیداعوان،ظفر نور، غلام حسین گیلانی و دیگرشامل تھے اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی،اسلام آباد، کوئٹہ میں منعقد ہوئے‘ جس میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا اور کچھ مقامات پر مطلع ابر آلود بھی رہا، پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ رمضان المبارک1445ھ کے چاند کے نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن میں پشاور،سوات،دیر،لاہور، سرگودھا،بہالپور،بہاولنگرو دیگر مقامات پر چاند نظر آ گیا ہے لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رمضان المبارک 1445ھ 12مارچ2024ء بروزمنگل کو ہوگا، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو،اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطا فرمائے،ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے،آمین۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔