وفاقی وزراء اور وزیر مملکت کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

پیر 11 مارچ 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر 19 وزراء کی تقرری کر دی ہے جن میں 18 وفاقی وزراء جبکہ ایک وزیر مملکت ہوں گی ۔ کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 92 کی شق ایک کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر 13 وفاقی وزراء کی تقرری کی ہے ۔

ان وفاقی وزراء میں خواجہ محمد آصف ، احسن اقبال چوہدری ، رانا تنویر حسین ، اعظم نذیر تارڑ ، چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان ، جام کمال خان ، انجنیئر امیر مقام ، سردار اویس احمد خان لغار ی ، عطا ء اللہ تارڑ ، خالد مقبول صدیقی ، قیصر احمد شیخ اور میاں ریاض حسین پیرزادہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 92 کی شق (1) کے تحت عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کی ایڈوائس پر سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر مصدق مسعود ملک جن کی 12 مارچ 2024 کو سینیٹ آف پاکستان کی رکنیت ختم ہو جائے گی، آئین کے آرٹیکل 91 کی شق (9) کے تحت ان کی بطور وفاقی وزیر تقرری کر دی ہے ۔

صدر مملکت نے آرٹیکل 92 کی شق (1) جسے آرٹیکل 91 کی شق (9) کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے،کے تحت محمد اورنگزیب ، احد چیمہ اور سیّد محسن رضا نقوی کو بھی وفاقی وزیر مقرر کر دیا ہے ۔ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 92 کی شق (1) کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کی ایڈوائس پر شیزہ فاطمہ کو وزیر مملکت مقرر کر دیا ہے ۔ ان تمام وفاقی وزراء اور وزیر مملکت سے 11 مارچ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے حلف لیا ۔