سندھ کابینہ کیلئے پیپلزپارٹی نے 10 نام فائنل کرلیے

صوبائی کابینہ کے آج حلف اٹھانے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مارچ 2024 13:05

سندھ کابینہ کیلئے پیپلزپارٹی نے 10 نام فائنل کرلیے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے صوبہ سندھ کی کابینہ کے لیے صوبائی اراکین اسمبلی میں سے 10 ناموں کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے سندھ کابینہ کے لیے ابتدائی طور پر جن 10 ناموں کی منظوری دی ہے ان میں ناصر شاہ، سعید غنی اور شرجیل میمن کے ساتھ ساتھ عذرا فضل پیچوہو، سردار شاہ، ضیا لنجار اور محمد بخش مہر بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے، صوبائی کابینہ کے آج حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہوتے ہی لاہور میں صدارتی گیسٹ ہاؤس بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط کرنے کے لائحہ عمل کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے تحت لاہور میں صدارتی گیسٹ ہاؤس بنا کر پارٹی رہنماؤں اور جیالوں کو گیسٹ ہاؤس میں بلایا جائے گا، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو چند روز میں لاہور پہنچیں گے، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کو بلاول ہاؤس لاہور میں عشائیہ کے لیے بھی بلایا جائے گا جہاں لاہور اور پنجاب میں تنظیم نو کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کیوں کہ سابق صدر چوہدری اسلم گل نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد اب پارٹی میں نئے صدر کے انتخاب کے ساتھ تنظیم نو کیلئے مشارت کی جائے گی۔ جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے آصفہ بھٹو کے خاتون اول بننے کی بھی تصدیق کردی ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو کے خاتون اول سے متعلق صدر مملکت آصف زرداری باضابطہ اعلان کریں گے اور آصفہ بھٹو پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی بیٹی ہیں۔