سيبس یونیورسٹی جامشورو میں سنڈیکیٹ کا تیسرا اجلاس، متعدد فیصلوں کی منظوری

منگل 12 مارچ 2024 17:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو میں سنڈیکیٹ کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جامعہ کو خوش اسلوبی سے چلانے کے ليے اہم فيصلے کئے گئے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سنڈیکیٹ نے 19 جولائی 2023 کو ہونے والے دوسرے اجلاس کے فيصلوں کی تصدیق کی اور دوسری سنڈیکیٹ میٹنگ کے بعد وائس چانسلر کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی منظوری دی۔

سنڈیکیٹ نے مالی سال 2023-24 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری دی جس کا تخمینہ 575.360 ملین تها اور بجٹ برائے 2024-25 جس کا تخمینہ 585.841 ملین تها ،کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں کیمپس کے احاطے میں کمرشل بینک کی برانچ کھولنے اور مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ایوان نے اکیڈمک کونسل کو یونیورسٹی کے وژن اور مشن سٹیٹمنٹ کی سفارش کی۔ این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کو سروس کائونٹنگ کمیٹی کا کنوینر نامزد کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر نیلوفر شیخ کو سلیکشن بورڈ میں ممبر نامزد کیا گیا۔ پے سکیلز اور ملازمت کے قوانين 2024 کے شرائط و ضوابط سےمتعلق تجويز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ماہرین قانون کی قانونی رائے کے بعد اس کی منظوری دی جائے گی۔ سنڈیکیٹ نے اسسٹنٹ پروفیسر صائمہ شیخ کو یونیورسٹی میں واپس آنے کے لیے مطلع کرنے کا فیصلہ کیا اور مذکورہ فیکلٹی ممبر کی پی ایچ ڈی ڈگری کی حیثیت جاننے کے لیے وکٹوریہ یونیورسٹی آف ویلنگٹن، نیوزی لینڈ سے رابطہ کرنے کی سفارش کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آصف علی شر اور اکاؤنٹنٹ منیر احمد کھٹیان کی اپ گریڈیشن کا معاملہ اس مقصد کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث موخر کر دیا گیا۔ سنڈیکیٹ نے انٹلیکچوئل پراپرٹی پالیسی کو اپنانے کی منظوری بھی دی۔ فیڈرل ایچ ای سی کی جانب سے الحاق کرنے يا نا کرنے کی پالیسی پر غور کیا گیا اور معمولی سفارشات کے بعد اسے منظور کر لیا گیا۔

بورڈ آف اسٹڈیز آف فیشن ڈیزائن کے لیے سارگ جاوید، سواد چشتی، ثنا خان اور پروڈکٹ ڈیزائن کے بورڈ آف اسٹڈیز کے لیے انور علی، سید احمد جواد زیدی، اویس احمد اور عائشہ عبداللہ کو نامزد کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سموں، نامزد ایچ ای سی اسلام آباد سید نوید حسین شاہ، نامزد ایچ ای سی سندھ نادرہ پنجوانی، پرسن آف ایمننس شریف اعوان، تزئین حسین، ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اینڈ سائنسز این ای ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، فضل الٰہی خان، شاہد قیوم میمن، رجسٹرار محمد سلیمان بھٹو اور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آصف علی شر نے شرکت کی۔