Live Updates

اسمبلی میں مرضی کے لوگ لانے کیلئے تحریک انصاف سے سیٹیں چھیننے کا پلان بنایا گیا ہے،عمر ایوب

حکومتی بینچز پر بیٹھے لوگ فارم 47 کے بینیفشریز ہیں، مخصوص نشستوں پر ہمارا حق نہیں دیا جا رہا، ہم اس پر سپریم کورٹ جا رہے ہیں،عدالت میں پیشی پر گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 15 مارچ 2024 10:45

اسمبلی میں مرضی کے لوگ لانے کیلئے تحریک انصاف سے سیٹیں چھیننے کا پلان ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں اپنی مرضی کے لوگ لانے کیلئے تحریک انصاف سے سیٹیں چھیننے کا پلان بنایا گیا ہے، حکومتی بینچز پر بیٹھے لوگ فارم 47 کے بینیفشریز ہیں، مخصوص نشستوں پر ہمارا حق نہیں دیا جا رہا۔ ہم اس پر سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔جوڈیشل کمپلیکس آمدپرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی حلقوں میں دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف سے مزید 20سیٹیں چھیننے کا منصوبہ بن چکا ہے۔

ہمارے امیدوار 202 نشستیں جیت رہے تھے۔ہمارامینڈیٹ چوری کیا گیا اور وہ اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔چیف الیکشن کمشنر کو فی الفور مستعفی ہونا چاہیے، الیکشن کمشنر صاف شفاف الیکشن کروانے میں ناکام رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک ہماری دو ہفتے سے رسائی بند کی گئی ہے، یہ ایک ڈرامہ ہے، ہمیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے، بشریٰ بی بی کو چھوٹے سے کمرے میں محصور کیا گیا ہے۔

کل کور کمیٹی اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بھی تحفظات کااظہار کرنے پر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میں کل خود اس اجلاس میں موجود تھا اس طرح کا کوئی معاملہ نہیں ہوا۔آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا اور غریب لوگ غریب تر ہوں گے۔دریں اثناءانسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں احتجاج اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمہ کی سماعت کیلئے رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔فاضل عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی نہ ہوسکی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 16 اپریل تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات