ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعہ 15 مارچ 2024 21:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ،افطار وسحر اور نماز تراویح کے دوران بھی بجلی وگیس کی بندش جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتون بلوچ صوبے کے سوئی گیس کو ملک بھر میںوافر مقدار میں کارخانوں سمیت سرکاری ونجی اداروںمیں استعمال کیا جاتا ہے اور صوبہ جو کہ ملک کی آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے اس کم آبادی کے گھروں میں چولہے جلانے کیلئے گیس میسر نہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل گرفت عمل ہے۔

بیان میںکہا گیا کہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کواختیارات سونپے گئے اور ملک کے قوموں کو ان کے وسائل پر اختیارات دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے ۔

(جاری ہے)

بیان میں پشتونخوا وطن کی پانی سے بجلی بنانے اور ملک کے مختلف صوبوں میں اس کی مختلف قیمتیں مقرر کرنے کو سخت ناانصافی اور قومی نابرابری قرار دیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبہ پنجاب سے دوسرے صوبوں کو گندم ، آٹا، پیاز کی ترسیل روکنا ، غذائی قلت پیدا کرنا ، عوام کو مہنگائی کی صورتحال میں مزید پریشانیوں سے دوچار کرنا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ خیبر پشتونخوا ، سندھ اور پشتون بلوچ صوبے بلوچستان میں آٹے کی قیمت زیادہ اور عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں آٹا سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں کم ہے اور ہماری عوام آٹا مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث زرعی پیدوارگھٹ چکا ہے ۔ ملک اس وقت معاشی ،مالیاتی ،اقتصادی بحرانوں سے دوچار ہیں ، ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو بڑھاکر شرح نمو میںقابل قدر اضافے کی ضرورت ہے جس تیزی سے آبادی بڑھتی جارہی ہے اور آنیوالے وقتوں میں عوام کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑیگاکیونکہ زرعی شعبہ اس وقت بدترین زبوں حالی کا شکار ہے، غذائی اجناس گندم ، چاول سمیت تمام فصلوں کی گراف مسلسل گر رہی ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے پیداواری اجناس سے تمام صوبوں کے عوام کو یکساںطورپر استفادہ ملنا چاہیے ، گندم ، چاول ، دال دیگر اجزائے ضروریہ پورے ملک کے عوام کے خرید وفروخت کیلئے مساوی قیمتیں مقرر کرنی چاہیے کیونکہ دہرے نظام کے معیار سے پہلے ہی ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی وگیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو اس کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے جبکہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے تمام اجناس کی مساوی قیمتوں میں بازار میں خرید وفروخت کو یقینی بنایا جائے۔