امریکہ اسرائیل، فلسطین جنگ بندی کے لیے کوششوں کو ثمر آور کرنے کی بجائے اس میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ہفتہ 16 مارچ 2024 20:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے فلسطین پر حملوں کو روکنے میں سو فیصد ناکام ہوا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ خود اس بربریت کا ذمہ دار ہے امریکہ اسرائیل ،فلسطین جنگ بندی کے لیے کوششوں کو ثمر آور کرنے کی بجائے اس میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے چین کا کہنا ہے کہ امریکہ قیام امن کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرے مشرق وسطیٰ کی تباہ کن صورتحال پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

یہاںجاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادرنے کہا کہ امریکہ کی یہ منافقانہ پالیسی فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا منہ بو لتا ثبوت ہے ایک جانب امریکہ اسرائیل کو جنگ بندی کا منافقانہ لولی پاپ دیتا ہے اور دوسری طرف اسرائیل کو فلسطین کے خلاف استعمال کرنے کے لیے اسلحہ دیتا ہے چین کا یہ کہنا کہ فلسطین کی حالیہ صورتحال کا امریکہ ذمہ دار ہے قطعی غلط نہیںچین دنیا بھر میں امن و آشتی کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے فلسطین اسرائیل جنگ کی طوالت کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس کا اثر چین تک محسوس کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کا یہ کہنا کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازعے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا لائق تحسین ہے امریکہ کو چاہیے کہ چین کی مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے ماضی قریب میں چین نے کمال سفارتی مہارت سے سعودی عرب اور ایران کے مابین کشمکش کو ختم کروایا امریکہ یہی کردار اسرائیل فلسطین تنازعے کو حل کرنے کیلئے ادا کر سکتا ہے گزشتہ برس 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی وجہ سے فلسطین میں 40 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ اسرائیل کی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں شدید احتجاج ہوا یہاں تک کہ اسرائیل کے اندر اس اسرائیلی سفاکیت کے خلاف اسرائیلی شہریوں کا احتجاج ریکارڈ پر ہے دنیا بھر میں مسلمانوں کے علاوہ عیسائی یہودی اور بدھ مت کے پیروکار اسرائیلی حکومت کی وحشیانہ بمباری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف نفرت میں کئی گنا زیادہ اضافہ ہوا ہے چین کا یہ کہنا کہ قوموں کے درمیان نفرت عالمی سطح پر امن تباہ کر دیتی ہے اور دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔