ضمنی الیکشن، آصفہ بھٹو نے این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

نواب شاہ سے قومی اسمبلی کی یہ نشست ان کے والد آصف زرداری کے صدر بننے کے بعد خالی ہوئی تھی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 17 مارچ 2024 15:10

ضمنی الیکشن، آصفہ بھٹو نے این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مارچ 2024ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے سیاسی میدان میں شروعات کرتے ہوئے شہید بینظیر آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 کی نشست کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور قانونی مشیروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر شیر علی جمالی کو پیش کیے، قومی اسمبلی کی یہ نشست ان کے والد کے صدر بننے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول بنانے کا فیصلہ کیا ہے، صدر آصف بھٹو زرداری باضابطہ طور پرآصفہ بھٹو کو خاتون اول ڈکلیئر کریں گے، آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا پروٹوکول دیا جائےگا اور وہ پہلی خاتون اول ہونگی جو صدر کی بیٹی ہیں کیوں کہ عام طور خاتون اول کا درجہ اہلیہ کودیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں آصفہ بھٹوزرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کی ملک گیر انتخابی مہم چلائی تھی اور اپنے بھائی اورسابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن کمپیئن میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، آصفہ بھٹو زرداری نے عام انتخابات سے قبل لاہور اورسندھ کے کئی شہروں میں انتخابی ریلیوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب بھی کیا تھا اور ان کو عوامی پذیرائی بھی ملی تھی، آصفہ بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے سب سے قریب رہی ہیں اور ایوان صدر میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں بھی وہ اپنے والد صدر مملکت آصف علی زرداری کے ہمراہ ان کے بازو میں اپنا بازو ڈال کر چل رہی تھیں۔

3 فروری 1993ء کو پیدا ہونے والی آصفہ بھٹو زرداری پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سیاسی گھرانے کا حصہ ہیں، وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں، آصفہ بھٹو زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کی چھوٹی بہن ہیں، وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذو الفقار علی بھٹو اور ایرانی نژاد نصرت بھٹو کی نواسی اور شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کی بھانجی ہیں۔