Live Updates

اگر مستقبل درست کرنا چاہتے ہیں تو ماضی سے قطع تعلق کرنا ہوگا، خواجہ آصف

عدلیہ نے ذوالفقار بھٹو کے ریفرینس پہ فیصلہ دیا ہے، تاریخ کو درست کرنے کی قابل ستائش کوشش کی ہے، انصاف نواز شریف کا بھی حق ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 مارچ 2024 10:23

اگر مستقبل درست کرنا چاہتے ہیں تو ماضی سے قطع تعلق کرنا ہوگا، خواجہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2024ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر مستقبل درست کرنا چاہتے ہیں تو ماضی سے قطع تعلق کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو قانون اور قاعدے نواز شریف کو نکالنے کے لئے استعمال ہوئے اگر آپ چا ہتے ہیں کہ وہ متروک ہو جائیں تو پہلے ان کرداروں کو جن میں جنرل باجوہ، ثاقب نثار، آصف کھوسہ، جنرل فیض، عمران خان اور تمام وہ کردار جو اس سازش میں شامل تھے ان سے عدالت پیار سے ہی پوچھ لے کہ ایک چلتی معیشت کو کیوں تباہ کیا گیا، ایک منتخب وزیر اعظم کو ڈرامے رچا کر فارغ اور قید کیا گیا، ملک لٹیروں کے حوالے کیوں کیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء کا کہنا ہے کہ کوئی تو غلطی مانے کوئی اتنی اخلاقی جرات اور غیرت کا مظاہرہ کرے کیوں کہ اگر آپ اپنا مستقبل درست کرنا چاہتے ہیں تو ماضی سے قطع تعلق کرنا ہوگا یا اس پہ کم از کم ندامت کا اظہار کرنا ہوگا، عدلیہ نے ذوالفقار بھٹو کے ریفرینس پہ فیصلہ دیا ہے، تاریخ کو درست کرنے کی قابل ستائش کوشش کی ہے، انصاف نواز شریف کا بھی حق ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، ان کا اقتدار اپنے کرتوتوں کی وجہ سے گیا ہے، ان کی اپنی صفوں میں پھوٹ ہے، انہیں اپنے لیڈر کا ہی نہیں پتہ ہے، ملک کی خیر مانگنے کے بجائے یہ اسے بد دعائیں دیتے ہیں، شہدا کے خلاف ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پرمہم چلائی، ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں ہوسکتی ہے، الیکشن میں اختلافات پر شہدا کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے، یہ سیاسی جماعت اپنی شناخت کھوچکی، آج یہ بے نام پارٹی ہے، ناجانے کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے، کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات