پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء کے اہلِخانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شہداء کے اہلخانہ سے گفتگو

پیر 18 مارچ 2024 22:16

پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ ..
تلہ گنگ/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء کے اہلِخانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں، پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن محمد احمد بدر شہید کے گھر ٹمن (تلہ گنگ )آمد کے موقع پر شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے شہید کے والد کو گلے لگایا اور ان کی ہمت ، حوصلے ، جذبہ اور استقامت کو سراہا۔ شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید ، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہداء نے جرأت اور بہادری سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، شہداء نے بہادری اور جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا اور خود شہادت کا رتبہ پایا، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہداء قوم کی دعائوں کے مستحق ہیں، پوری قوم ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِخانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدرشہید کے والد کرنل (ر) قاضی بدر الدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کا حوصلہ دیکھ کر سب کو جرأت اور حوصلہ ملا ہے، کہنا بہت آسان لیکن کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ، ان کی استقامت اور صبر دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ،اپنے بیٹے کی شہادت سے مجھے نیا حوصلہ ملا ہے، میرے بیٹے نے خود تو شہادت کا رتبہ پایا لیکن لوگوں کی جانیں بچائیں اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اب میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، میرا بیٹا اللہ کی امانت تھا جو اس نے لے لی ، اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس ضرور ہے لیکن اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ شہید کے والد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر سکول تعمیر کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں وزیراعظم میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ گئے ۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔