نواز شریف،یوسف رضاگیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس،نیب سے رپورٹ طلب

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب ریفرنس کی سماعت کی،عدالت میں نیب نے رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 12:24

نواز شریف،یوسف رضاگیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس،نیب سے رپورٹ طلب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزرءاعظم نواز شریف،یوسف رضا گیلانی اور صدر مملکت آصف علی زرداری کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میںآئندہ سماعت پر نیب کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کر دیں،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری ، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کیخلاف کیس کی سماعت کی ، عدالت میں نیب نے رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کی۔

نیب پراسیکیوٹر اظہر مقبول نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے شاملِ تفتیش کرنے کی درخواست دی تھی، انہیں شاملِ تفتیش کر لیا گیا تھا، اب ہمارے تفتیشی افسر دستیاب نہیں ہیں، تفتیش کی روشنی میں رپورٹ دیں گے کہ کیس چلایا بھی جاسکتا ہے یا نہیں، عدالت آئندہ سماعت تک کا وقت دے، رپورٹ جمع کروا دیں گے۔

(جاری ہے)

جج ناصر جاوید رانا نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کے مطابق یوسف رضا گیلانی پرآصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ ریفرنس کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف نے کاروں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں تھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے نواز شریف، آصف زرداری کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی تھی۔

 احتساب عدالت اسلام آباد میں نواز شریف ، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی تھی۔ نیب کی جانب سے عدالت میں ضمنی ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکاتھا۔احتساب عدالت کے سابق جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں جاری بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت کے باعث اس کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی تھی۔