سینیٹ الیکشن؛ ذلفی بخاری اور مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد

مراد سعید مفرور ہے سینٹ کا الیکشن نہیں لڑسکتا، دوہری شہریت کا حامل شخص بھی سینیٹ الیکشن کیلئے اہل نہیں۔ اعتراضات

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 مارچ 2024 17:03

سینیٹ الیکشن؛ ذلفی بخاری اور مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ 2024ء ) سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں ذلفی بخاری اور مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض جمع کروایا گیا، یہ اعتراض جے یو آئی ف کے امیدوار عطاء الحق درویش کی جانب سے جمع کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ مراد سعید مفرور ہے اس لیے سینٹ کا الیکشن نہیں لڑسکتا۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار ذولفی بخاری کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات عائد ہوئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ دوہری شہریت کا حامل شخص سینیٹ الیکشن کیلئے اہل نہیں ہے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علی محمد خان نے نگران دور حکومت میں شامل رہنے والے اراکین کی سینیٹ انتخابات میں شمولیت پر اعتراضات اٹھائے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ نگران سیٹ اپ کا کوئی وزیر، وزیراعلیٰ یا وزیر اعظم ایسے انتخابات نہیں لڑ سکتا جس کی وہ خود نگرانی کر رہا ہو، آرٹیکل 224 ون بی کے مطابق نگران کابینہ کے ارکان بشمول نگران وزیراعظم، نگران وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے قریبی افراد نگران سیٹ اپ کے فوراً بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے، اگر وہ الیکشن ہی نہیں لڑ سکتے تو وہ موجودہ کابینہ میں شامل ہونے کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں؟پاکستان میں عجیب سی چیزیں ہو رہی ہیں، آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

اسی طرح سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے پر کہا ہے کہ ان دونوں کو آگے لانے والی جماعتوں کیلئے واضح طور پر آئین کی کوئی اہمیت نہیں ہے جب کہ ایمل ولی خان بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اپنا ڈومیسائل تبدیل کر رہے ہیں اور اس سے پہلے ہم نگران وزیر سرفراز بگٹی کو بھی مستعفی ہوکر انتخابات کیلئے کلیئر ہوتے دیکھ چکے ہیں، لگتا ہے اس وقت انتخابی سرکس ہو رہا ہے۔