سندھ رینجرز اور پولیس نے ڈکیتی اور فائرنگ میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ،ایک موٹر سائیکل اور 12عدد موبائل فونز بھی برآمد

بدھ 20 مارچ 2024 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات اور فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان محمد شہباز،فہیم احمد میرانی اورمحمد بابرخان درانی کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ،ایک موٹر سائیکل اور 12عدد موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق مورخہ 17 مارچ 2024 کو گلشن اقبال بلاک 17کے علاقے میں ملزمان کی جانب سے چکن سپلائر سے اسلحے کے زور پرڈکیتی کی واردات کے دوران قریب واقع رینجرز چوکی پر تعینات رینجرز کے اہلکار کی جانب سے مداخلت کرنے پرفائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ عزیز بھٹی میں درج ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پاکستان رینجرز(سندھ)کی جانب سے ملزمان کی گرفتار ی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل تصاویر اور اہل علاقہ کی تصدیق کی مدد سے ایک ملزم کی شناخت محمد شہباز کے نام سے کی گئی جسے حسین ہزارہ گوٹھ سے گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ملزم کے دوسرے ساتھی فہیم احمد میرانی اور محمد بابرخان درانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان منظم گروہ کی صورت میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروباری افراد سے اسلحے کے زور پر رقم چھیننے اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔

گرفتارملزمان کو اسلحہ بمعہ مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔