رینجرزاور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،ڈکیتی اور فائرنگ میں ملوث 3ملزمان گرفتار

بدھ 20 مارچ 2024 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات اور فائرنگ میں ملوث 3ملزمان محمد شہباز،فہیم احمد میرانی اورمحمد بابرخان درانی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ،ایک موٹر سائیکل اور 12عدد موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق17مارچ 2024 کو گلشن اقبال بلاک 17کے علاقے میں ملزمان کی جانب سے چکن سپلائر سے اسلحے کے زور پرڈکیتی کی واردات کے دوران قریب واقع رینجرز چوکی پر تعینات رینجرز کے اہلکار کی جانب سے مداخلت کرنے پرفائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ عزیز بھٹی میں درج ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے ملزمان کی گرفتار ی کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل تصاویر اور اہل علاقہ کی تصدیق کی مدد سے ایک ملزم کی شناخت محمد شہباز کے نام سے کی گئی جسے حسین ہزارہ گوٹھ سے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ملزم کے دوسرے ساتھی فہیم احمد میرانی اور محمد بابرخان درانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان نے منظم گروہ کی صورت میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروباری افراد سے اسلحے کے زور پر رقم چھیننے اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو اسلحہ بمعہ مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔