لاہور : حلقہ این اے 130 کو 4 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے کا اعلان

بدھ 20 مارچ 2024 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) پنجاب حکومت نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کو 4 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس حلقہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف کامیاب قرار پائے تھے جبکہ پنجاب حکومت نے لاہور ہی سے قومی اسمبلی کے مزید پانچ حلقوں کو بھی ترقیاتی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مجموعی حجم 12 ارب روپے ہے۔ ان حلقوں سے عبدالعلیم خان، حمزہ شہباز، عطا تارڑ اور عون چوہدری کامیاب ہو چکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی مجوزہ ترقیاتی بجٹ سے اپنے اپنے حلقوں میں نالیوں اور گلیوں کی تعمیر سمیت سڑکوں کی تعمیر کروائیں گے جو بلدیہ عظمیٰ لاہور کے 3 زونوں میں ہو گی۔